شہریت ترمیمی قانون: وہ معاملات طے کریں جن پر فیصلہ ہونا ہے، سپریم کورٹ نے فریقین کے وکلاء سے کہا

نئی دہلی، دسمبر 13: سپریم کورٹ نے منگل کو شہریت کے قانون میں ترمیم سے متعلق ایک کیس میں فریقین کے وکلاء سے کہا کہ وہ ان معاملات پر فیصلہ کریں جن پر فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے۔

چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی میں ایک آئینی بنچ شہریت ترمیمی قانون کے سیکشن 6 اے کے آئینی جواز کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کے ایک گروپ کی سماعت کر رہی تھی، یہ ایک خصوصی شق ہے جو 1985 کے آسام معاہدے کے تحت آنے والوں کی شہریت سے متعلق ہے۔

آسام معاہدہ مرکز، ریاستی حکومت اور ان تنظیموں کے درمیان ایک معاہدہ ہے جنھوں نے غیر ملکیوں کی ملک بدری کے لیے احتجاج کی قیادت کی۔ سیکشن 6A، جو 1985 میں سٹیزن شپ ایکٹ میں داخل کیا گیا تھا، میں کہا گیا ہے کہ جو لوگ یکم جنوری 1966 سے 25 مارچ 1971 تک بنگلہ دیش سے آسام آئے ہیں، انھیں ایکٹ کے سیکشن 18 کے تحت ہندوستانی شہریت کے لیے خود کو رجسٹر کرانا ہوگا۔

ان دفعات کو چیلنج کرنے والی سترہ درخواستیں سپریم کورٹ میں زیر التوا ہیں۔

درخواست گزاروں میں سے ایک نے دعویٰ کیا ہے کہ سیکشن 6A امتیازی سلوک اور من مانی پر مبنی ہے کیوں کہ یہ غیر دستاویزی تارکین وطن کو شہریت دینے کے لیے آسام میں داخل ہونے والوں اور ملک کے باقی حصوں میں داخل ہونے والے کے لیے مختلف کٹ آف تاریخیں دیتا ہے۔

منگل کو سینئر ایڈوکیٹ کپل سبل نے، جو درخواست گزاروں میں سے ایک کی طرف سے پیش ہوئے، عدالت کو بتایا کہ کیس کے فریقین نے ایک ساتھ بیٹھ کر ان معاملات کی نشان دہی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن کی اس کیس کے سلسلے میں سماعت کی ضرورت ہے۔

کیس کی اگلی سماعت 10 جنوری 2023 کو ہوگی۔