کم یاب بیماری والے کسی بھی مریض کو مرکز کی اس پالیسی سے فائدہ نہیں ہوا جو ایسی بیماریوں میں مالی مدد کی یقین دہانی کراتی ہے: بی جے پی ایم پی

نئی دہلی، جنوری 8: بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ورون گاندھی نے ہفتہ کے روز کہا کہ کسی بڑی بیماری میں مبتلا کسی بھی مریض نے مرکزی حکومت کی اس پالیسی سے فائدہ نہیں اٹھایا جو انھیں مالی مدد کا یقین دلاتی ہے۔

گاندھی نے مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویہ کو لکھے ایک خط میں کہا کہ دس بچے علاج کے انتظار میں مر چکے ہیں۔ گاندھی نے اس اسکیم کے تحت مالی مدد فراہم کرنے پر زور دیا۔

پیلی بھیت حلقے سے لوک سبھا کے رکن قومی پالیسی برائے کم یاب بیماریاں 2021 کا حوالہ دے رہے تھے، جس کا مقصد خاندانوں کو ایسی مہلک بیماریوں کے علاج کے لیے ممنوعہ طور پر زیادہ اور اکثر تباہ کن اخراجات سے بچانے کے لیے مدد فراہم کرنا ہے۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق کم یاب بیماری زندگی بھر کی وہ کمزوری یا عارضہ ہے جس کا پھیلاؤ ہر 1,000 افراد میں ایک یا اس سے کم افراد میں ہوتا ہے۔ دنیا بھر میں اب تک 7000 سے زیادہ کم یاب بیماریاں پہچانی جا چکی ہیں۔

گاندھی نے اپنے خط میں کہا کہ مئی میں حکومت نے پالیسی میں ترمیم کرتے ہوئے علاج کے لیے 50 لاکھ روپے کی مالی مدد کی یقین دہانی کرائی تھی۔

یہ بتاتے ہوئے کہ 432 ایسے مریض ہیں جو اس پالیسی کے دائرہ کار میں آتے ہیں، انھوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت کی بے عملی سے ان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے، جن میں زیادہ تر بچے ہیں۔

گاندھی نے کہا کہ 208 بچے لائسوسومل سٹوریج ڈس آرڈر کے مریض ہیں جو علاج حاصل کر سکتے ہیں لیکن 2021 کی پالیسی کے تحت بنائے گئے 10 سنٹرس آف ایکسیلنس نے ان کے لیے مالی امداد نہیں مانگی ہے۔

ایم پی نے کہا ’’غیر معمولی بیماری کے مریضوں کی وجہ سے وابستہ تنظیموں کے مطابق آدھے سے زیادہ سینٹرز آف ایکسیلینس نے وزارت صحت اور خاندانی بہبود کو علاج کی ایک بھی درخواست نہیں بھیجی ہے۔‘‘

انھوں نے مزید کہا ’’لہذا، میں درخواست کرتا ہوں کہ ان 208 بچوں کا سنٹرز آف ایکسیلینس میں علاج فوری طور پر شروع کیا جائے۔ مجھے امید ہے کہ آپ اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کریں گے کیوں کہ اس سلسلے میں کسی بھی طرح کی تاخیر کے نتیجے میں کئی اور بچوں کی جانیں ضائع ہو جائیں گی۔‘‘