جموں و کشمیر: اننت ناگ میں مشتبہ عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے دو مہاجر مزدور زخمی

نئی دہلی، جولائی 19: جموں و کشمیر کے اننت ناگ میں منگل کو مشتبہ عسکریت پسندوں نے دو مہاجر مزدوروں کو گولی مار دی۔

کشمیر پولیس نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان کی حالت مستحکم ہے۔ پولیس نے اننت ناگ میں تلاشی مہم بھی شروع کر دی ہے۔

یہ واقعہ شوپیاں ضلع میں 13 جولائی کو تین تارکین وطن مزدوروں کو مشتبہ عسکریت پسندوں کی طرف سے گولی مارنے کے ایک ہفتہ سے بھی کم وقت کے بعد پیش آیا ہے۔

زخمیوں کی شناخت انمول کمار، پنٹو کمار ٹھاکر اور ہیرالال یادو کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ سبھی بہار کے سپول ضلع کے رہنے والے ہیں۔

29 مئی کو اننت ناگ میں مشتبہ عسکریت پسندوں نے ایک شہری کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

26 فروری کو پلوامہ ضلع میں ایک کشمیری پنڈت سنجے شرما کو مشتبہ عسکریت پسندوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

دو دن بعد پولیس نے حملے میں ملوث مشتبہ عسکریت پسندوں میں سے ایک کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔