جموں و کشمیر: انکاؤنٹر میں ایک غیر ملکی سمیت چارعسکریت پسند ہلاک

جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ اور سم تھن بجبہاڑہ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم آرائیوں میں غیر ملکی سمیت چارعسکریت پسند ہلاک کر دیے گئے۔

نئی دہلی : ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے بتایا کہ اونتی پورہ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ ایک غیر ملکی سمیت تین عسکریت پسند مارے گئے ۔انہوں نے بتایا کہ ایک عسکریت پسندکی شناخت مختیار بٹ کے طورپر ہوئی  ہےجو تین پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث تھا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے کھانڈے محلہ اونتی پورہ میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے منگل کی شام علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہاکہ سیکورٹی فورسز کے اہلکار جوں ہی مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود عسکریت پسندوں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران کافی دیر تک گولیوں کا تبادلہ جاری رہا۔
گولیوں کا تبادلہ تھم جانے کے بعد سیکورٹی فورسز نے تصادم کی جگہ تین عسکریت پسندوں کی لاشیں برآمد کیں جن میں سے ایک کی شناخت مختیار بٹ کے طورپر کی گئی ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے بتایا کہ اونتی پورہ کے کھانڈے محلہ میں سیکورٹی فورسز نے تین انتہائی مطلوب عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہلاک شدگان میں سے ایک کی شناخت مختیار بٹ کے بطور ہوئی جو سیکورٹی فورسز کو کئی کیسوں میں مطلوب تھا۔
انہوں نے کہاکہ مہلوک عسکریت پسنداسسٹنٹ سب انسپکٹر سمیت تین اہلکاروں کے قتل میں ملوث تھا جبکہ وہ عام شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں بھی پیش پیش تھا۔اے ڈی جی پی کے مطابق علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے۔
دریں اثنا سم تھم بجبہاڑہ میں سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین جاری تصادم میں ایک عسکریت پسندمارا گیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ تصادم کی جگہ ایک عسکریت پسندکی لاش برآمد کی گئی جس کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی جارہی ہے۔
علاوہ ازیں پولیس نے عوام سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے تب تک گریز کیا کریں جب تک اسے پوری طرح سے صاف قرار نہ دے دیا جائے کیونکہ پولیس اور دیگر سلامتی ادارے لوگوں کے جان ومال کی محافظ ہے لہذا ،لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کے لئے پولیس ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔