الیکشن کمیشن نے اسمبلی انتخابات سے قبل مغربی بنگال کے پولیس سربراہ کے تبادلے کا حکم دیا

مغربی بنگال، مارچ 10: منگل کو الیکشن کمیشن نے مغربی بنگال کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس وریندر کی منتقلی کا حکم دیا ہے اورا یک آئی پیس ایس افسر پی نراجنائن کو اس عہدے پر مقرر کیا ہے۔

ریاستی چیف سکریٹری کو ہدایت نامہ میں الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ویریندر کو ایسا کوئی عہدہ نہیں دیا جانا چاہیے جس کا براہ راست یا بالواسطہ انتخاب کے انعقاد سے تعلق ہو۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ بدھ کی صبح دس بجے تک اس آرڈر کی تعمیل کی جائے۔

نامعلوم عہدیداروں نے بتایا کہ متعدد سیاسی جماعتوں کی جانب سے الیکشن کمیشن کو شکایت کرنے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ وریندر پر الزم ہے کہ وہ حکمران ترنمول کانگریس کی طرف مائل ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑا نے گذشتہ ماہ کہا تھا کہ انتخابی ادارہ پولیس کی کارروائیوں پر نظر رکھنے کے لئے دو مبصر بھیجے گا اور مزید ضرورت پڑنے پر تیسرا شخص بھی بھیج سکتا ہے۔

دی ہندو کے مطابق 6 فروری کو مغربی بنگال حکومت نے 24 سینئر آئی پی ایس افسران کا تبادلہ کیا تھا۔ جاوید شمیم ​​کو ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (لا اینڈ آرڈر) کے عہدے پر فائز کیا گیا ہے۔

تاہم 27 فروری کو الیکشن کمیشن نے اسمبلی انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے ایک دن بعد جاوید شمیم ​​کو فائر خدمات کے محکمہ کا سربراہ بنا دیا اور جگ موہن کو ان کا عہدہ دے دیا۔

اس معاملے پر ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ سوگاتا رائے نے کہا کہ ’’دونوں بہت اچھے افسران ہیں، لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ اس اقدام کے پیچھے سیاسی مقصد ہوسکتا ہے۔‘‘

مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات آٹھ مراحل میں 27 مارچ، یکم اپریل، 6 اپریل، 10 اپریل، 17 اپریل، 22 اپریل، 26 اپریل اور 29 اپریل کو ہوں گے۔ جب کہ نتائج کا اعلان 2 مئی کو کیا جائے گا۔