ڈونلڈ ٹرمپ ’’اپنے پلیٹ فارم‘‘ کے ساتھ دو سے تین ماہ میں سوشل میڈیا پر واپس آئیں گے، سابق امریکی صدر کے مشیر کا دعویٰ

نئی دہلی، مارچ 22: ڈونلڈ ٹرمپ کے سینئر مشیر جیسن ملر نے اتوار کے روز فاکس نیوز کو بتایا کہ امریکہ کے سابق صدر ’’اپنے پلیٹ فارم‘‘ کے ساتھ دو سے تین ماہ میں سوشل میڈیا پر واپس آجائیں گے۔

ملر نے نیوز چینل کو بتایا ’’مجھے لگتا ہے کہ ہم صدر ٹرمپ کو اپنے پلیٹ فارم کے ساتھ تقریباً دو یا تین ماہ میں شاید یہاں سوشل میڈیا پر واپس آتے ہوئے دیکھیں گے۔ اور یہ وہ چیز ہے جو میرے خیال میں سوشل میڈیا کا سب سے پُرجوش ٹکٹ ہوگا، یہ اس کھیل کو مکمل طور پر نئے سرے سے متعارف کرانے والا ہے اور ہر شخص منتظر رہتا ہے کہ یہ دیکھنے کے لیے کہ صدر ٹرمپ کیا کرتے ہیں۔‘‘

ٹرمپ کا ٹویٹر اکاؤنٹ 8 جنوری کو ان کے حامیوں کے ذریعہ امریکی دارالحکومت کی عمارت میں ہونے والے تشدد کے تناظر میں مستقل طور پر معطل کردیا گیا تھا۔ مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم نے اس اقدام کے پیچھے ’’تشدد کو مزید بھڑکانے کے خطرے‘‘ کا حوالہ دیا۔ ابتدائی طور پر ان کا اکاؤنٹ 12 گھنٹے تک بلاک کردیا گیا تھا، لیکن پلیٹ فارم کے خلاف ٹرمپ کے دو ٹویٹس کے بعد ٹویٹر نے مستقل کارروائی کی۔

فیس بک اور انسٹاگرام نے بھی ٹرمپ کے اکاؤنٹس پر غیر معینہ مدت کے لیے پابندی عائد کردی ہے۔

فاکس نیوز نے رپوٹ کیا کہ ملر نے ٹرمپ کے اپنے پلیٹ فارم کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں لیکن انھوں نے دعوی کیا کہ یہ ’’بہت بڑا ہونے والا ہے‘‘ اور ’’لاکھوں لوگوں‘‘ کو اپنی طرف متوجہ کرے گا۔ انھوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ ٹرمپ فلوریڈا میں واقع اپنے ریزورٹ میں ’’اعلی طاقتی اجلاس‘‘ کر رہے ہیں اور ’’متعدد کمپنیاں‘‘ ان سے پہلے ہی رابطہ کر چکی ہیں۔

ٹرمپ پر پابندی عائد کرنے والے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نے ان کے اکاؤنٹس کی بحالی کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔