بی جے پی بھارت کو خانہ جنگی کی طرف لے جا رہی ہے: لالو پرساد یادو

نئی دہلی، جون 6: راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو یادو نے اتوار کو الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ملک کو خانہ جنگی جیسی صورت حال کی طرف لے جا رہی ہے۔

یادو نے کہا ’’جس طرح سے بی جے پی کام کر رہی ہے، ملک خانہ جنگی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن کے خلاف متحد ہو جائیں۔ ہمیں متحد رہنا ہے اور لڑنا ہے۔‘‘

انھوں نے یہ بھی کہا کہ سیکولر نظریات پر یقین رکھنے والی جماعتوں کو بی جے پی کے خلاف لڑنے کے لیے متحد ہونا چاہیے۔

یادو نے کہا ’’ہم پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔ ہم ساتھ رہیں گے اور لڑیں گے۔‘‘

یادیو فی الحال مبینہ چارہ گھوٹالہ سے متعلق ایک معاملے میں خراب صحت کی بنیاد پر ضمانت پر باہر ہیں۔

بہار کے سابق وزیر اعلیٰ کو مبینہ گھوٹالے میں پانچ مقدمات میں سزا سنائی گئی ہے۔ یہ گھوٹالہ سرکاری خزانے سے تقریباً 1,000 کروڑ روپے کے غبن سے متعلق ہے۔

سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن نے 20 مئی کو یادو کے خلاف مبینہ بدعنوانی کے ایک تازہ کیس میں مقدمہ درج کیا تھا۔

سی بی آئی نے نئے معاملے میں یادو پر ریلوے میں ملازمت کے بدلے ملازمت کے خواہشمندوں سے زمین لینے کا الزام لگایا ہے۔ زمینوں پر قبضہ مبینہ طور پر اس وقت ہوا تھا جب وہ کانگریس کی قیادت والی یو پی اے حکومت میں ریلوے کے وزیر تھے۔

آر جے ڈی نے الزام لگایا تھا کہ نیا کیس یادو کی مضبوط آواز کو دبانے کی کوشش ہے اور سی بی آئی کی کارروائیاں ’’مکمل طور پر جانبدارانہ‘‘ ہیں۔