اسمبلی انتخابات: مغربی بنگال اور آسام میں 27 مارچ سے 29 اپریل کے درمیان متعدد مراحل میں ہوگی رائے شماری

نئی دہی، فروری 26: آج الیکشن کمیشن نے مغربی بنگال اور آسام میں اسمبلی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا۔ مغربی بنگال کی 294 نشستوں پر انتخابات آٹھ مرحلوں میں 27 مارچ سے 29 اپریل کے درمیان ہوں گے، جب کہ آسام کی 126 نشستوں پر انتخابات 27 مارچ سے 6 اپریل کے درمیان تین مراحل میں منعقد ہوں گے۔

آسام، کیرالہ، تمل ناڈو اور مغربی بنگال اور پڈوچیری میں ووٹوں کی گنتی 2 مئی کو ہوگی۔ کیرالہ، تمل ناڈو اور پڈوچیری میں 6 اپریل کو بیک وقت انتخابات ہوں گے۔

مغربی بنگال میں انتخابات کی تاریخ 27 مارچ، یکم اپریل، 6 اپریل، 10 اپریل، 17 اپریل، 22 اپریل، 26 اپریل اور 29 اپریل ہے۔ 2015 میں مغربی بنگال کے انتخابات سات مرحلوں میں ہوئے تھے۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق اس بار آٹھ مراحل میں ہونے والے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات ریاست میں اب تک کے سب سے طویل انتخابات ہیں۔

مغربی بنگال میں قریب سے دیکھنے والا مقابلہ ہوگا، جہاں ترنمول کانگریس اور بی جے پی ابھی سے سیاسی ہیرا پھیری میں مصروف میں۔

الیکشن کمیشن کے اعلان کے بعد مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے ایک پریس کانفرنس کی اور اے این آئی کے مطابق انھوں نے کہا ’’مرکز ریاستی انتخابات کے لیے اپنے اختیارات کا غلط استعمال نہیں کرسکتا ہے۔ اگر وہ ایسا کرتا ہے تو پھر یہ ایک بہت بڑی غلطی ہوگی… ہم عام لوگ ہیں، ہم اپنی جنگ لڑیں گے۔ الیکشن کمیشن سے گزارش ہے کہ وہ پیسوں کے غلط استعمال کو روکے۔ بی جے پی نے ایجنسیوں کے ذریعہ تمام اضلاع میں رقم بھیجی ہے۔‘‘

وہیں آسام میں انتخابات کی تاریخیں 27 مارچ، یکم اپریل اور 6 اپریل ہیں۔ پہلے مرحلے میں 47 اسمبلی حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے، جب کہ دوسرے مرحلے میں 39 نشستوں پر رائے شماری ہوگی۔ وہیں تیسرے مرحلے میں 40 اسمبلی حلقوں کے انتخابات ہوں گے۔

بی جے پی ریاست میں اقتدار برقرار رکھنے کے لیے لڑے گی اور اس کے لیے اس کی جارحانہ مہم جاری ہے۔ بی جے پی نے 2016 میں آسام میں پہلی بار کانگریس کو شکست دی تھی۔

دوسری طرف کانگریس نے پانچ دیگر جماعتوں کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ آل انڈیا یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ)، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسی لیننسٹ) لبریشن، اور اے جی ایم اس اتحاد کا حصہ ہیں۔