2021 میں ذات پر مبنی مردم شماری کی درخواست پر سپریم کورٹ نے مرکز کو نوٹس جاری کیا

نئی دہلی، فروری 27: لائیو لا ڈاٹ اِن کی خبر کے مطابق سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز مرکزی حکومت سے دوسرے پسماندہ طبقات کے اعداد و شمار جمع کرنے کے لیے ذات پر مبنی مردم شماری کروانے کے لیے ہدایت کی درخواست کی جانچ پڑتال پر اتفاق کیا ہے۔ چیف جسٹس بوبڈے اور جسٹس اے ایس بوپنا اور وی رام سبرامنیم کے بنچ نے مرکز اور قومی کمیشن برائے پسماندہ طبقات کو اس معاملے میں نوٹس جاری کیا ہے۔

عدالت تلنگانہ میں مقیم سماجی کارکن جی ملّیش یادو کی طرف سے دائر درخواست کی سماعت کررہی تھی، جس نے یہ دعوی کیا تھا کہ دیگر پسماندہ طبقات کی بہتری کے لیے ذات پر مبنی مردم شماری ایک ’’اہم ضرورت‘‘ ہے۔

درخواست گزار نے استدلال کیا کہ ذات پر مبنی مردم شماری کا تعلیم، روزگار کے شعبوں اور بلدیاتی انتخابات میں تحفظات کو نافذ کرنے میں لازمی کردار ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ اس طرح کے اعداد و شمار کی کمی، پسماندہ طبقات کے لیے ان کی آبادی کے تناسب کے مطابق فیصلے میں مشکلات پیدا کررہی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت 2021 میں قومی مردم شماری کرانے کا ارادہ رکھتی ہے اور 32 کالموں پر مشتمل ایک پرفارما جاری کیا گیا ہے جس میں شیڈول ذاتوں اور نامعلوم قبائل، ہندوؤں، مسلمانوں سمیت دیگر کالموں کی تفصیلات شامل ہیں۔ لیکن دیگر پسماندہ طبقات کا کالم دستاویز میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں پسماندہ طبقات کی ترقی کے لیے تعلیم، روزگار، معاشی اور سیاسی شعبوں میں متعدد اسکیمیں متعارف کروا رہی ہیں اور اس کے لیے ہر سال ایک بجٹ مختص کیا جارہا ہے۔

تاہم یہ منصوبے مشکلات کا شکار ہیں کیوں کہ ان کو نافذ کرنے کے لیے کافی اعداد و شمار موجود نہیں ہیں۔

پی ٹی آئی کے مطابق درخواست میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 1979-80 میں قائم کردہ منڈل کمیشن کی ابتدائی فہرست میں پسماندہ ذاتوں اور برادریوں کی تعداد 3،743 تھی۔ قومی کمیشن برائے پسماندہ طبقات کے مطابق او بی سی کی مرکزی فہرست میں پسماندہ ذاتوں کی تعداد اب بڑھ کر 5،013 ہوگئی ہے۔ اس کے مطابق ابھی تک حکومت نے مکمل اعداد و شمار حاصل کرنے کے لیے ذات پر مبنی سروے نہیں کیا ہے۔