چنڈی گڑھ میں عام آدمی پارٹی کے تمام کونسلروں کو رکن پارلیمنٹ کرن کھیر کے ساتھ بحث کے بعد ایوان سے معطل کر دیا گیا

نئی دہلی، جون 6: چنڈی گڑھ میں عام آدمی پارٹی کے تمام 13 کونسلروں کو منگل کے روز جنرل ہاؤس کی میٹنگ سے معطل کر دیا گیا، جب وہ ایم پی کرن کھیر کے ساتھ بحث کر رہے تھے۔

اس کے بعد کونسلرز کو زبردستی ایوان سے نکال دیا گیا۔

AAP کونسلر جسبیر سنگھ نے الزام لگایا کہ کھیر نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال اور ان کے خلاف غیر پارلیمانی اور نامناسب زبان کا استعمال کیا، جب پارٹی ممبران نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پر اخراجات کا موضوع اٹھایا۔ چنڈی گڑھ کے ایم پی نے تاہم اس دعوے کی تردید کی ہے۔

سنگھ نے دعوی کیا ’’ایم پی میری سیٹ پر آئیں اور کہا کہ ’کیجریوال سے مطالبہ کریں کہ وہ اپنے مکان پر خرچ کی گئی رقم کی تفصیلات بتائیں‘۔ اس کے بعد وہ کیجریوال کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کر کے واپس اپنی نشست پر چلی گئیں۔ جب میں نے ایوان میں اس پر اعتراض کیا تو میں نے وہی الفاظ استعمال کیے جو انھوں نے کہے تھے، لیکن میئر نے اس کی کارروائی کو خاطر میں لانے کے بجائے مجھے معطل کر دیا۔

تاہم میئر انوپ گپتا نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اے اے پی کونسلروں کو اس وقت معطل کر دیا جب سنگھ نے کھیر اور وزیر اعظم نریندر مودی کے بارے میں تضحیک آمیز تبصرے کیے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ اے اے پی کے دیگر کونسلروں نے سنگھ کے تبصروں پر معافی مانگنے کے بجائے ان کی حمایت کی، جس کی وجہ سے انھیں دن بھر کے لیے معطل کردیا گیا۔

تاہم کرن کھیر نے کہا کہ انھوں نے کوئی غیر پارلیمانی زبان استعمال نہیں کی۔

AAP کونسلروں کو نکالے جانے کے بعد، انھوں نے میٹنگ روم کے باہر احتجاج کیا اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔