22 نومبر سے شروع ہوگا بھوپال کا عالمی تبلیغی اجتماع، ریلوے کا خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ

بھوپال: سینٹرل ریلوے نے بھوپال میں عالمی تبلیغی اجتماع کی وجہ سے مسافروں کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر سولا پور اور بھوپال کے درمیان 2 خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ بھوپال میں عالمی تبلیغی اجتماع 22 نومبر سے شروع ہونے جا رہا ہے اور اس کا اختتام 25 نومبر کو ہوگا۔ گھاسی پورہ اینٹ کھیڑی میں منعقد ہونے جا رہے اس 72ویں تبلیغی اجتماع کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

عالمی تبلیغی اجتماع میں شرکت کے لیے بھوپال میں غیر ملکی جماعتوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ اس اجتماع میں 10 لاکھ سے زیادہ افراد کے پہنچنے کی توقع ہے۔ اجتماع کے دوران تقریباً 500 نکاح بھی پڑھوائے جائیں گے۔

اجتماع میں شرکت کے لیے آنے والے عقیدت مندگان کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے 250 ایکڑ اراضی پر پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ تقریباً 50 پارکنگ زون میں اس انتظام کے دوران چھوٹی اور بڑی گاڑیاں مختلف مقامات پر کھڑی کی جائیں گی۔ واپسی کے لیے انتظامیہ کی جانب سے 400 بسوں کا انتظام کیا گیا ہے۔

پولس ذرائع کے مطابق پروگرام میں سیکیورٹی کے پیش نظر اجتماع گاہ اور شہر کے مختلف مقامات، بس اسٹینڈ اور ریلوے اسٹیشن وغیرہ پر ناکہ بندی اور بیریکیڈنگ کرکے مشتبہ افراد اور خصوصی طور پر سنجیدگی سے باہری گاڑیوں کی چیکنگ کی جارہی ہے۔ ساتھ ہی ہوٹل، لاج، دھرمشالہ اور رَین بسیرا وغیرہ کی بھی چیکنگ کی جارہی ہے۔

اجتماع کے دوران سیکورٹی انتظام کو چار حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں اے۔باہری انتظام، بی۔داخلی انتظام، سی۔پٹرولنگ پارٹی اور ڈی دیگر انتظام۔ سیکورٹی انتظام اور تعاون کے نقطہ نظر سے 22 اہم مقامات پر مستقل طور پر پولس تعاون مراکز بنائے گئے ہیں۔

اس کے تحت بم ڈِسپوزل اور ڈاگ اسکوائڈ ٹیم کی جانب سے اجتماع گاہ اور اس کے آس پاس، پارکنگ کی جگہ، بس اسٹینڈ، ریلوے اسٹیشن وغیرہ بے حد حساس مقامات پر سنجیدگی سے چیکنگ ہو رہی ہے جس میں شہر سے باہر آنے والی بسیں، مسافروں کے بیگ اور سامان وغیرہ کو چیک کیا جارہا ہے۔ سیکورٹی کے انتظام میں ضلع فورس، ایس اے ایف، ایس ٹی ایف سمیت تقریباً چار ہزار افسران اور اہلکار 24 گھنٹے تعینات رہیں گے۔