15 خصوصی ٹرینوں سے سفر کے لیے آروگیہ سیتو ایپ لازمی ہے: ریلوے

نئی دہلی، مئی 12: ہندوستانی ریلوے نے آج کہا ہے کہ 15 خصوصی ٹرینوں کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے حکومت کا آروگیہ سیتو موبائل ایپلیکیشن ڈاؤنلوڈ کرنا لازمی ہے۔

پیر کے روز ریلوے کی طرف سے جاری کردہ رہنما خطوط کے بعد یہ اعلان کیا گیا ہے کہ تمام مسافروں کو آروگیہ سیتو ایپ ڈاؤنلوڈ کرنے اور استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ایپ ڈاؤنلوڈ کرنے کے لیے لنک کے ساتھ ریلوے نے ٹویٹ کیا کہ ’’ہندوستانی ریلوے مسافر ٹرینوں کی چند خدمات شروع کرنے جارہی ہے۔ مسافروں کے لیے لازم ہے کہ وہ اپنے سفر کو شروع کرنے سے پہلے اپنے موبائل فون میں آروگیہ سیتو ایپ ڈاؤنلوڈ کریں۔‘‘

اب تک قریب 9.8 کروڑ افراد نے اس ایپ کو ڈاؤنلوڈ کیا ہے، جو رازداری اور ڈیٹا سیکیورٹی کے معاملات پر تنازعات میں الجھا ہوا ہے۔ رابطے کی نشان دہی کرنے والا یہ ایپلی کیشن صارفین کو اس وقت متنبہ کرے گا، اگر وہ COVID-19 سے متاثرہ کسی شخص کے ساتھ قریبی رابطے میں آئیں۔

ریلوے نے اتوار کے روز مسافر ٹرینوں کی خدمات آہستہ آہستہ بحال کرنے کے منصوبوں کے تحت 12 مئی سے 15 خصوصی ٹرینوں کے شروع کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔ یہ ٹرینیں نئی دہلی سے چلیں گی اور ڈبروگڑھ، اگرتلا، ہاوڑہ، پٹنہ، بلاسپور، رانچی، بھوونیشور، سکندرآباد، بنگلور، چنئی، ترواننت پورم، مڈگاؤں، ممبئی سنٹرل، احمدآباد اور جموں توی تک جائیں گی۔