ہندوستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 70,000 سے تجاوز، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3,604 نئے معاملات سامنے آئے

نئی دہلی، مئی 12: وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق آج صبح تک ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد نے 70،000 کا ہندسہ عبور کرلیا ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3،600 سے زیادہ نئے انفیکشن کی اطلاع ملی ہے۔

وزارت صحت کے کوویڈ 19 ڈیش بورڈ کے مطابق صبح 8 بجے تک ملک بھر میں 46,008 فعال معاملات تھے اور 22،455 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ وہیں اب تک 2293 اموات بھی ہوئی ہیں۔ جس کے بعد اب تک کیسوں کی مجموعی تعداد 70،756 ہو گئی ہے۔

گذشتہ روز ڈیش بورڈ میں 3،604 نئے معاملات اور 87 اموات کا اضافہ دکھایا گیا ہے۔

زیادہ تر نئے معاملات مہاراشٹر، گجرات، تمل ناڈو اور دہلی سے آئے ہیں۔ مہاراشٹر میں کوویڈ 19 کے 23،401 مریض ہیں اور واہں 868 اموات ہوئی ہیں۔ گجرات تشویش کا باعث بن کر ابھرا ہے، جب ریاست نے اطلاع دی ہے کہ وہاں کوویڈ 19 کے 8،541 معاملات ہیں اور 513 افراد لقمۂ اجل بن چکے ہیں۔

مرکزی وزارت صحت کے مطابق تمل ناڈو میں 8،002 کیسوں کے ساتھ تیسری سب سے زیادہ تعداد درج کی گئی ہے اور اس کے بعد دہلی 7،233 معاملات کے ساتھ ہے۔

وہیں جان ہاپکنز یونی ورسٹی کے کوویڈ 19 ٹریکر کے مطابق دنیا بھر میں 40 لاکھ سے زیادہ افراد کورونا وائرس کے مرض میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 286،330 افراد اس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔