’’ہندوستان گذشتہ 7-8 ماہ سے تقریباً 80 کروڑ غریب عوام کو مفت راشن فراہم کررہا ہے‘‘، گلوبل ہنگر انڈیکس میں ہندوستان کی گرتی شرح کے درمیان وزیر اعظم کا دعویٰ

نئی دہلی، اکتوبر 17: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز کہا کہ ہندوستان میں کوویڈ 19 وبائی امراض کے درمیان گذشتہ سات سے آٹھ مہینوں سے تقریباً 80 کروڑ غریبوں کو مفت راشن فراہم کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعظم مودی نے فوڈ اینڈ ایگریکلچرل آرگنائزیشن (ایف اے او) کے ساتھ ہندوستان کے دیرینہ تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر 75 روپے مالیت کا ایک یادگاری سکہ جاری کرنے کے ایک پروگرام کے دوران کہا ’’کورونا وائرس کے بحران کے دوران بھوک اور غذائی قلت کے بارے میں دنیا بھر میں طرح طرح کے چرچے چل رہے ہیں۔ ہندوستان گذشتہ 7-8 ماہ سے تقریباً 80 کروڑ غریبوں کو مفت راشن مہیا کررہا ہے۔ اس دوران ہندوستان نے تقریباً 1.5 لاکھ کروڑ مالیت کا کھانا غریبوں میں تقسیم کیا ہے۔‘‘

وزیر اعظم نے مزید کہا ’’غذائیت سے نمٹنے کے لیے ایک اور اہم کام کیا جارہا ہے۔ اب ملک میں ایسی فصلوں کو فروغ دیا جارہا ہے، جن میں پروٹین، آئرن اور زنک جیسے غذائیت سے بھرپور مادے پائے جاتے ہیں۔‘‘

وزیر اعظم نے عالمی یوم خوراک کے موقع پر سب کو مبارک باد پیش کی۔ انھوں نے کہا ’’میں ان لوگوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں جو دنیا سے بھوک کے خاتمے کے لیے مستقل جدوجہد کر رہے ہیں۔ ہندوستان کے کسان، ہمارے زراعت کے سائنس دان، آنگن واڑی اور آشا کارکنان اس تحریک کا مضبوط قلعہ ہیں۔‘‘

وزیر اعظم کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گلوبل ہنگر انڈیکس کی تازہ فہرست کے مطابق ہندوستان پاکستان اور بنگلہ دیش سے بھی پیچھے 94 ویں مقام پر ہے۔