اترپردیش: مقامی بی جے پی رہنما کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا، اہل خانہ نے ساتھی بی جے پی رہنما پر لگایا الزام

اترپردیش، اکتوبر 17: اے این آئی کے مطابق جمعہ کے روز اتر پردیش کے ضلع فیروز آباد میں تین افراد نے مبینہ طور پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما ڈی کے گپتا کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق گپتا بی جے پی کے فیروز آباد منڈل (وارڈ) کے نائب صدر تھا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سچندرا پٹیل نے بتایا کہ گپتا پر موٹر سائیکل پر سوار تین افراد نے اس وقت حملہ کیا جب وہ اپنی دکان بند کررہا تھا۔ اسے آگرہ کے ایک اسپتال لے جایا گیا جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق گپتا کے اہل خانہ نے الزام لگایا کہ انھیں سیاسی دشمنی کی وجہ سے مارا گیا ہے۔ انھوں نے بی جے پی کے ہی اس کے ساتھی وریش تومر اور دو دیگر افراد پر الزام لگایا ہے۔

ملزمین کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ حال ہی میں گپتا اور تومر کے درمیان سوشل میڈیا پر ایک جھگڑا ہوا تھا۔

انسپکٹر آگرہ (رینج) اے ستیش گنیش نے نیوز چینل کو بتایا ’’وریش تومر کے چچا نے اس سے قبل فیروز آباد کے گاؤں رتی گڑھی سے دیا شنکر (ڈی کے گپتا) کے خلاف گاؤں پردھان کا انتخاب لڑا تھا، جس میں دیا شنکر ہار گیا تھا اور نریندر تومر (وریش کا چچا) الیکشن جیت گیا تھا۔‘‘

گپتا کے اہل خانہ اور حامیوں نے اسپتال کے باہر احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔