مرکزی حکومت دس لاکھ نوکریاں فراہم کرنے پر کام کر رہی ہے: وزیر اعظم مودی

نئی دہلی، اکتوبر 29: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کہا کہ ان کی حکومت دس لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے پر کام کر رہی ہے۔

گجرات حکومت کے ذریعے گاندھی نگر میں منعقد ہونے والے ’’روزگار میلے‘‘ سے ایک ویڈیو پیغام میں انھوں نے یہ بھی کہا کہ نوجوانوں کے لیے سرکاری ملازمتوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔

گجرات پنچایت سروس بورڈ سے تقریباً 5,000 افراد کو تقرری کے خط ملے، جب کہ 8,000 افراد کو گجرات سب انسپکٹر ریکروٹمنٹ بورڈ اور لوکرکشک ریکروٹمنٹ بورڈ نے بی جے پی کی حکومت والی ریاست میں اسمبلی انتخابات سے قبل منعقدہ اس تقریب کے دوران تقرری کے خطوط دیے۔

گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل نے تقرری کے خطوط تقسیم کیے۔

پی ایم مودی نے اپنے خطاب میں کہا ’’دھن تیرس کے مبارک دن، ہم نے قومی سطح پر ایک روزگار میلہ منعقد کیا، جہاں ہم نے 75,000 امیدواروں کو تقرری کے خطوط تقسیم کیے۔‘‘

انھوں نے کہا کہ آنے والے مہینوں میں قومی اور ریاستی سطح پر اس طرح کے میلے منعقد ہوتے رہیں گے۔

وزیر اعظم مودی نے مزید کہا ’’مرکزی حکومت دس لاکھ نوکریاں فراہم کرنے پر کام کر رہی ہے، ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے بھی اس مہم سے منسلک ہو رہے ہیں۔ نوجوانوں کو دی جانے والی سرکاری ملازمتوں کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ ہو گا۔‘‘

مودی نے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا سہرا گجرات کی نئی صنعتی پالیسی کو دیا اور کلاس 3 اور 4 کی سرکاری پوسٹوں کے لیے انٹرویو کے عمل کو ختم کرنے جیسی اصلاحات کی تعریف کی۔

انھوں نے کہا ’’ہمارا ہدف 2047 تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانا ہے۔ اگلے 25 سال ملک کے لیے بہت اہم ہیں۔ ہمیں بہت زیادہ ترقی کی ضرورت ہے اور آپ کو معاشرے اور ملک کے لیے اپنا فرض ادا کرنا چاہیے۔‘‘

وزیر اعظم نے کہا کہ انھیں بتایا گیا ہے کہ 2022 میں گجرات حکومت نے ایک سال میں 35,000 سرکاری نوکریاں دینے کے اپنے ہدف کو تقریباً پورا کر لیا ہے۔