گوگل: بہتر سہولت اور تیز معلومات

انفارمیشن ٹکنالوجی ۔قسط۔5

شفیق احمد آئمی، مالیگاؤں

پچھلی چار قسطوں سے ہم آپ کی خدمت میں گوگل کے بارے میں معلومات دے رہے ہیں جن میں ہم آپ کو ’’گوگل سرچ انجن ، جی میل ، یوٹیوب ، گوگل پلس اور بلاگر، گوگل ایڈ سنس ، گوگل ڈرائیو اور گوگل کی نئی ریسرچ ،انرجی (توانائی) کا کم سے کم خرچ ، مصنوعی ذہانت پر تحقیق ، معلومات کا بہترین انتظام اور تیز رفتار سرچنگ کے بارے میں بتا چکے ہیں ۔ اب اس کے آگے …
ہر وقت بہتر سہولیات
گوگل کے پاس ایک ملین سے زائد ’’سرورز‘‘ ہیں جو پوری دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں اور جیسا کہ سب جانتے ہیں کہ یہ ’’سرورسز‘‘ ہر وقت چلتے رہتے ہیں اور سال میں صرف ایک آدھ بار ہی ’’ری اسٹارٹ‘‘ کرنے کی غرض سے انہیں بند کیا جاتا ہے ۔ اب گوگل جیسی بے انتہا مصرف ویب سائٹ جو اربوں لوگوں کو خدمات فراہم کرتی ہے ۔ لوگوں سے یہ نہیں کہہ سکتی کہ جناب معذرت! ویب سائٹ پر اِس وقت مینٹینینس کا کام ہو رہا ہے لہٰذا 24 گھنٹے بعد تشریف لائیں… اِسی لیے اِن ’’سرورز‘‘ کی ’’شیڈولنگ‘‘ کی جاتی ہے اور ’’ری اسٹارٹ‘‘ کے وقت ان کے کام کا بوجھ دوسرے ’’سرورز‘‘ کے درمیان تقسیم کردیا جاتا ہے ۔ اِس طرح بغیر کسی مسئلے اور قطعی غیر محسوس طریقے سے کام پر یعنی دستیاب سہولیات پر کام مسلسل چلتا رہتا ہے اور ہر ’’سرور‘‘ کے ’’ری اسٹارٹ‘‘ کے وقت دوسرے ’’سرورز‘‘ اُس کے کام کو آپس میں تقسیم کرلیتے ہیں ۔ اِس طرح ہر وقت پوری دنیا میں ہر جگہ ہر صارف کو بہترین سہولیات دستیاب ہوتی رہتی ہیں ۔
ہر وقت کچھ نیا پیش کرنا
گوگل کا ایک خواب یہ ہے کہ وہ اپنے صارفین کے سامنے ہر وقت کچھ نیا پیش کرتا رہے اور پچھلی خدمات میں بہتری پیدا کرتا رہے۔ ’’موٹورولابیلٹی‘‘ کو خریدنے کے بعد یہ کہا جاسکتا ہے کہ گوگل ایک ایسی کمپنی بن گئی ہے جو ’’سافٹ وئیر‘‘ کے ساتھ ساتھ ’’ہارڈ وئیر‘‘ میں بھی اپنا لوہا منوا رہی ہے ۔ گوگل نے ’’ہارڈوئیر‘‘ شعبے میں بھی نئی تحقیق جاری رکھی ہے کیونکہ اُس کے پاس ’’سروروں‘‘ کی ایک بڑی تعداد ہے جنہیں ہمیشہ اُس بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے جو گوگل کا خواب ہے ۔ اِن ’’سرورز‘‘ کے بغیر گوگل ایسا ہے جیسے کسی اندھے آدمی کا لاٹھی کے سہارے چلنا اِس لیے گوگل اپنے بنیادی انفراسٹرکچر (جس میں سافٹ وئیر اور ہارڈ وئیر دونوں شامل ہیں) کو خوب سے خوب تر بنانے میں لگا ہوا ہے ۔ اپنی اِس کوشش میں گوگل کو کامیابی بھی مل رہی ہے اور ’’گوگل سرچ انجن‘‘ چلانے والے خواتین وحضرات اِس بات کا ہر وقت تجربہ کر رہے ہوں گے کہ اُنہیں گوگل پر ہر وقت کچھ نہ کچھ نیا سامنے آتا رہتا ہے۔
اندھوں اور گونگوں کے لیے سہولت
گوگل کی کوشش یہ ہے کہ اُس سے ہر طبقے کے صارفین فائدہ اُٹھائیں اور اِس کے لیے صارفین کی مشینوں سے انٹریکشن کے بہترین طریقوں پر گوگل نے کافی وسائل لگا رکھے ہیں ۔ مثال کے طور پر گوگل اپنی ویب سائٹوں کو صارفین کے رجحانات اور پسند کے مطابق ڈیزائن کرتا ہے یا صارفین کی مشینوں سے انٹریکشن کے نیے طریقے دریافت کرتا ہے ۔ جیسے سرچ انجن کا صارف کی آواز کے ساتھ انٹریکٹ کرنا وغیرہ ۔ یہ پیچیدہ اور مشکل سے حل ہونے والے مسائل ہیں لیکن گوگل مسلسل اِسے حل کرنے میں لگا ہوا ہے ۔ اِسی ضمن میں گوگل اندھوں اور گونگوں کی آسانی کے لیے بھی تحقیق کر رہا ہے تاکہ اُن تک بھی انٹرنیٹ کی ترقی کے ثمرات پہنچائے جاسکیں ۔
معلومات کی تیزی سے بحالی
گوگل کا بنیادی مقصد ’’انٹرنیٹ کی تنظیم‘‘ تھا تاکہ وہ آسانی سے قابل تلاش (سرچ) ہو سکے۔ اِس شعبے میں گوگل نے مسلسل محققیقن کوکام پر لگایا اور اُن کے تجربے کی بنیاد پر نئی نئی سہولیات اپنے صارفین کو بہم پہنچائیں ۔ جس سے صارفین کو تسلی بخش نتیجے پر پہنچنے میں آسانی اور تیز رفتاری ملنے لگی ہے ۔ آج جب کوئی صارف گوگل پر کسی چیز کو تلاش (سرچ) کرتا ہے تو اُسے اُس چیز کے متعلق ہر قسم کی معلومات اُس سرچ میں دستیاب ہوتی ہے بلکہ اُس چیز سے جُڑی دوسری معلومات بھی دستیاب ہوجاتی ہیں ۔ اِس کے علاوہ ہمیں یہ بھی معلوم ہو جاتا ہے کہ کس ویب سائٹ کی کیا رینکنگ کی گئی ہے اور اس کو ملاحظہ کرنے والے کتنے ہیں۔ گوگل کے بارے میں معلومات کا سلسلہ جاری ہے باقی انشاء ﷲ اگلی قسط میں پیش کریں گے۔
[email protected]

گوگل کے پاس ایک ملین سے زائد ”سرورز” ہیں جو پوری دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں اور جیسا کہ سب جانتے ہیں کہ یہ ”سرورسز” ہر وقت چلتے رہتے ہیں اور سال میں صرف ایک آدھ بار ہی ”ری اسٹارٹ” کرنے کی غرض سے انہیں بند کیا جاتا ہے ۔ اب گوگل جیسی بے انتہا مصرف ویب سائٹ جو اربوں لوگوں کو خدمات فراہم کرتی ہے ۔