گجرات: کانگریس کے دو اراکین اسمبلی نے راجیہ سبھا انتخابات سے قبل استعفیٰ دیا

احمدآباد، جون 4: گجرات کانگریس کے ایم ایل اے اکشے پٹیل اور جیتو چودھری نے 19 جون کو ہونے والے راجیہ سبھا انتخابات سے قبل اسپیکر راجندر تیواری کو اپنے استعفے سونپ دیے۔ راجیہ سبھا کی چار نشستوں کے لیے رائے شماری 19 جون کو ہوگی۔

تیواری نے گاندھی نگر میں نامہ نگاروں کو بتایا ’’میں نے ان کے استعفے قبول کرلیے ہیں۔ اب وہ مقننہ کا حصہ نہیں رہے۔‘‘

پٹیل نے وڈودرا میں کرجن سیٹ کی نمائندگی کی تھی، جب کہ چودھری نے دسمبر 2017 کے اسمبلی انتخابات میں والساد کی کپرڈا سیٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔

اس سے قبل مارچ میں بھی کانگریس کے پانچ ممبران اسمبلی نے استعفیٰ دے دیا تھا۔ 182 رکنی اسمبلی میں اب بھارتیہ جنتا پارٹی کے 103 ارکان اسمبلی ہیں، جب کہ کانگریس کے پاس 66۔

بی جے پی نے راجیہ سبھا انتخابات کے لیے ابھے بھاردواج، رمیلہ بارا اور نرہاری امین کو میدان میں اتارا ہے، جب کہ کانگریس کے امیدوار سینئر لیڈر شکتی سنگھ گوہل اور بھارت سنگھ سولنکی ہیں۔