کیجریوال حکومت نے 18 لاکھ خاندانوں کو مفت ماہانہ راشن دینے اور 2.5 لاکھ بیواؤں اور 5 لاکھ بزرگ افراد کی ماہانہ پنشن کو دوگنا کرنے کا اعلان کیا

نئی دہلی، مارچ 21: کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر دہلی کے غریب باشندوں کے لیے ایک بڑے امدادی اقدام کے تحت اروند کیجریوال حکومت نے ہفتے کے روز 72 لاکھ رجسٹرڈ مستحقین کو مفت ماہانہ راشن تقسیم کرنے کا اعلان کیا۔ حکومت نے ماہانہ راشن کی مقدار میں 50 فیصد اضافے کا بھی اعلان کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اپریل کے مہینے کے لیے راشن کی تقسیم 30 مارچ سے شروع ہوگی۔

وزیر اعلی کیجریوال نے حکومت سے پنشن لینے والی بیوہ خواتین اور بزرگ افراد کے لیے ابھی ایک بڑا اعلان کیا۔

انھوں نے اعلان کیا ’’ہم ڈھائی لاکھ بیوہ خواتین، 5 لاکھ بزرگ افراد اور 1 لاکھ کے قریب معذور افراد کی پنشن دوگنا کرنے جارہے ہیں۔‘‘

انھوں نے کہا کہ ان اقدامات کا فیصلہ اس لیے لیا گیا ہے، کیوں کہ کورونا وائرس مقامی غریب لوگوں کو سب سے زیادہ متاثر کر رہا ہے۔