کوویڈ 19 کے علاج کے لیے گنگا کے پانی کا استعمال کرنے کے لیے تحقیقات کے مطالبے کو آئی سی ایم آر نے رد کیا

نئی دہلی، 8 مئی: ہندوستانی کونسل برائے میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) نے گنگا کے پانی سے متاثرہ COVID-19 مریضوں کے علاج معالجے کے لیے کلینیکل مطالعہ کرنے کی وزارت آبی وسائل کی تجویز کو آگے نہ بڑھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے لیے اسے مزید سائنسی اعداد و شمار کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر وائی کے گپتا، جو آئی سی ایم آر میں ریسرچ پروپوزل کی تشخیص کے لیے کمیٹی کی سربراہی کر رہے ہیں، نے کہا کہ اس وقت دستیاب ثبوت اور اعداد و شمار اتنے مضبوط نہیں ہیں کہ کورونا وائرس کے علاج کے لیے گنگا کے پانی کے مختلف راستوں/شکلوں کے ذریعہ کلینیکل اسٹڈیز کا آغاز کیا جاسکے۔

نیشنل مشن برائے کلین گنگا (این ایم سی جی) کو، جو ندی کے بحالی کے پروگرام سے نمٹنے والی وزارت آبی وسائل کا ہی ایک حصہ ہے، گنگا پر کام کرنے والے افراد اور غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے گنگا کے پانی سے علاج معالجے کے لیے اس کا طبی مطالعہ کرنے کے لیے متعدد تجاویز موصول ہوئی ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ تجاویز ہو بہو آئی سی ایم آر کو ارسال کردی گئی تھیں۔