کورونا وائرس: تمل ناڈو حکومت نجی اسپتالوں میں داخل کوویڈ 19 مریضوں کے علاج کا خرچ برداشت کرے گی، نئے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن کا اعلان

تمل ناڈو، مئی 8: ٹائمز آف انڈیا کے مطابق تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے جمعہ کے روز یہ اعلان کیا ہے کہ نجی اسپتالوں میں داخل مریضوں کے کوویڈ 19 کے علاج کے اخراجات ریاستی حکومت برداشت کرے گی۔ یہ رقم وزیر اعلی کی جامع صحت انشورنس اسکیم کے تحت اد کی جائے گی۔

فی الحال سرکاری اسپتالوں میں پہلے ہی کورونا وائرس کا علاج مفت ہو رہا ہے۔

یہ ہیلتھ کور اسٹالن کے وزیر اعلی کے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد کیے جانے والے پہلے پانچ فیصلوں میں شامل تھا۔ یہ وہ تمام وعدے تھے جو ڈی ایم کے نے اپنی انتخابی مہم کے دوران کیے تھے۔

ڈی ایم کے کے زیرقیادت اتحاد نے 234 ممبران اسمبلی میں 159 نشستیں حاصل کیں۔ صرف اسٹالن کی پارٹی اکیلے 133 انتخابی حلقوں میں فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ کانگریس نے 18 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، وی سی کے نے چار، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) نے دو دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔

اسٹالن سمیت کل 34 وزرا نے تمل ناڈو میں نئی ​​کابینہ کی تشکیل کے بعد حلف لیا۔ وزیر اعلی ہونے کے علاوہ اسٹالن کئی اور محکموں کی ذمہ داری بھی سنبھالیں گے۔

اسٹالن نے ریاست میں رہائشیوں کے لیے وبائی وقت کی مدد کے طور پر 2 ہزار روپے دینے کا بھی وعدہ کیا ہے۔ یہ وبائی امراض سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے چاول راشن کارڈ رکھنے والوں کے لیے 4000 روپے فراہم کرنے کے DMK کے انتخابی وعدے کا ایک حصہ ہے۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’اس کو عملی جامہ پہنانے کے لیے وزیر اعلی نے مئی میں ہی 2،07،67،000 راشن کارڈ ہولڈروں پر محیط 4،153.69 کروڑ روپے میں 2،000 روپے کی پہلی قسط فراہم کرنے کے حکم پر دستخط کردیے ہیں۔‘‘

اسٹالن نے 16 مئی سے تمل ناڈو میں واقع آوین دودھ کی مصنوعات کی نرخوں کو 3 روپے کم کر دیا۔

وزیر اعلی نے ہفتے کے روز سے سرکاری بسوں میں خواتین کے لیے مفت سفر کا بھی اعلان کیا۔ اس اقدام کے لیے سبسڈی کے طور پر 1،200 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے۔

اسٹالن نے اعلان کیا ’’آپ کے حلقۂ انتخاب میں وزیر اعلی‘‘ نامی اسکیم کو نافذ کرنے کے لیے ایک آئی اے ایس افسر کی سربراہی میں ایک محکمہ بھی تشکیل دیا جائے گا۔ یہ وزیر اعلی کے عہدہ سنبھالنے کے 100 دن کے اندر عوامی شکایات کو دور کرنے کے DMK کے انتخابی وعدے کے تحت کیا گیا اقدام ہے۔