کورونا وائرس 6 کروڑ سے زائد افراد کو انتہائی غربت میں ڈال دے گا: عالمی بینک

نئی دہلی، مئی 20: پی ٹی آئی کے مطابق عالمی بینک نے منگل کے روز کہا ہے کہ کورونا وائرس کا معیشت پر پڑنے والا اثر 6 کروڑ سے زائد افراد کو انتہائی غربت کی طرف ڈھکیل دے گا، اس کے باجود کہ عالمی بینک نے اس وائرس سے نمٹنے کے لیے 100 ترقی پذیر ممالک میں 160 بلین ڈالر (12.1 لاکھ کروڑ روپے) کی ہنگامی کارروائیوں کا اعلان کیا ہے۔

عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ ملپس نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے نامہ نگاروں کو بتایا ’’اعلی درجے کی معیشتوں میں وبائی بیماری اور لاک ڈاؤن 60 ملین سے زیادہ افراد کو انتہائی غربت کی طرف لے جا سکتے ہیں۔‘‘ انھوں نے کہا کہ اس سے غربت کے خاتمے میں حالیہ پیش رفت کا بیش تر حصہ ختم ہو جائے گا۔

انھوں نے مزید کہا ’’عالمی بینک گروپ نے 100 ممالک میں ہنگامی رسپانس آپریشن قائم کرنے کے لیے تیز اور فیصلہ کن قدم بڑھایا ہے، ایسے میکانزم ہیں جن سے دوسرے ڈونرز کو پروگراموں میں تیزی سے توسیع کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔‘‘

ملپس نے مزید کہا کہ عالمی بینک نے صحت کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے، غریبوں کی مدد، نجی شعبے کو برقرار رکھنے اور معاشی لچک اور بازیابی کو مضبوط بنانے کے لیے تیز تر اور لچکدار ردعمل کی فراہمی کے لیے 160 بلین ڈالر کی امداد اور کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

بی بی سی کے مطابق ملپس نے کہا کہ دنیا کی 70 فیصد آبادی والے 100 ممالک کو پہلے ہی ہنگامی مالی اعانت فراہم کی جاچکی ہے۔

3 اپریل کو عالمی بینک نے ہندوستان کے لیے 1 بلین ڈالر (7،570 کروڑ روپیے) کی ہنگامی فنڈنگ کی منظوری دی تھی۔

اقوام متحدہ کی 7 اپریل کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ یہ وبائی بیماری غیر رسمی شعبے میں کام کرنے والے 40 کروڑ ہندوستانیوں کو غربت کی گہرائی میں ڈال سکتی ہے۔

وہیں جان ہاپکنز یونی ورسٹی کے مطابق عالمی سطح پر ناول کورونا وائرس اب تک 49 لاکھ سے زیادہ افراد کو متاثر کرچکا ہے اور 3.23 لاکھ سے زیادہ افراد کو ہلاک کرچکا ہے۔