کورونا وائرس انلاک 4.0: میٹرو خدمات 7 ستمبر سے بتدریج شروع کرنے کی اجازت، اسکول کالجز 30 ستمبر تک بند رہیں گے

نئی دہلی، اگست 29: وزارت داخلہ نے ’’ٓانلاک۔4‘‘ کے لیے رہنما خطوط جاری کرتے ہوئے سات ستمبر سے بتدریج میٹرو خدمات کو دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی ہے۔ وزارت نے کہا ہے کہ نئے رہنما خطوط یکم ستمبر سے لاگو ہوں گے اور کنٹینمنٹ زون میں لاک ڈاؤن اقدامات پر سختی سے 30 ستمبر تک عمل درآمد کیا جائے گا۔

دہلی میٹرو ریل کارپوریشن نے تصدیق کی ہے کہ وہ 7 ستمبر سے خدمات کو دوبارہ شروع کردے گی۔ میٹرو سے متعلق معیاری طریقۂ کار جاری ہونے کے بعد میٹرو کے کام اور اس کے عوامی استعمال کے بارے میں مزید تفصیلات شیئر کی جائیں گی۔

مرکز نے بھی سفری پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے کہا کہ افراد اور سامان کی بین ملکی اور بین ریاستی نقل و حرکت ممنوع نہیں ہوگی۔ اس طرح کی نقل و حرکت کے لیے کسی علاحدہ اجازت یا منظوری یا ای پرمٹ کی بھی ضرورت نہیں ہوگی۔

نئی ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ 21 ستمبر سے 100 افراد کے ساتھ سماجی، تعلیمی، کھیلوں، تفریحی افعال اور دیگر اجتماعات کی اجازت ہوگی۔ لازمی طور پر ماسک پہننا، جسمانی دوری کا خیال رکھنا، تھرمل اسکیننگ اور ہینڈ واش یا سینیٹائزر کی فراہمی اس طرح کے محدود اجتماعات کے انعقاد کے لیے ضروری ہوں گے۔

اسکول، کالج، تعلیمی ادارے، انڈور تھیٹر اور سوئمنگ پول 30 ستمبر تک بند رہیں گے۔ تاہم 21 ستمبر سے اوپن ایئر تھیٹر کھولنے کی اجازت ہوگی۔

نئے قواعد کے تحت، ریاستوں اور مرکزی علاقوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مرکزی حکومت سے پیشگی مشاورت کے بغیر کنٹینمنٹ زون کے باہر کوئی لاک ڈاؤن نہ لگائیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 34،63،972 ہو چکی ہے اور اموات کی تعداد 62،550 تک جا پہنچی ہے۔ دریں اثنا اب تک 26 لاکھ سے زیادہ افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔