کرسپر۔ سی اے ایس نائن ٹکنالوجی ڈاکٹر محمد رضوان
تعارف، اثرات اور اسلامی نقطۂ نظر
(جدید سائنسی انکشافات اور ٹکنالوجی کی ایجادات اخلاقی نوعیت کے نئے سوالات بھی کھڑے کرتی ہیں، ان سوالوں کے سلسلے میں اسلامی نقطۂ نظر پیش کرنا وقت کی ضرورت ہے، نقطۂ نظر کی تفصیلات میں اختلاف ہونا عین ممکن ہے، اختلاف اور گفتگو نقطۂ نظر کی تنقیح میں مددگار ہوتے ہیں۔ زیر نظر مضمون کے سلسلے میں بھی اہل علم و دانش کو گفتگو کی دعوت دی جاتی ہے۔ ادارہ)
یوں تو ہر سال نوبیل انعام کا اعلان کیا جاتا ہے اور سائنس داں حضرات اور ان کی محدود دنیا میں اس پر مختلف طرح کے رد عمل سامنے آتے ہیں۔ یہاں یہ نہ بھولیں کہ اس محدود دنیا کے انسانی سماج پر لامحدود اثرات مرتب ہوتے ہیں! نوبیل انعام سویڈن کے ایک باشندے الفریڈ نوبیل کی وصیت کے مطابق اس سائنس داں کو دیا جاتا ہے جو پچھلے ایک سال کے دوران سائنس کی دنیا کے پانچ میدانوں میں سے کسی میدان میں ایسا کارنامہ انجام دے جو انسانیت کے لیے زبردست فائدے کا حامل ہو۔
نوبیل انعام سائنس کی دنیا کا موقر ترین انعام ہے۔ عام طور پر یہ انعام تعصبات سے پاک ہوتا ہے (سوائے سیاسی میدان میں دیے جانے والے نوبیل انعام کے جو بسا اوقات مضحکہ خیز حد تک جانب داری پر مبنی ہوتے ہیں۔)
اس سال (2020) کے علم کیمیا کے میدان میں دو خواتین سائنس دانوں کو نوبیل انعام سے نوازا گیا جو ایمانوئل کارپنٹیئر اور جنیفر اے ڈوڈنا ہیں۔ یہ انعام انھیں کرسپر ٹکنالوجی کی دریافت پر دیا گیا ہے۔
سائنسی حلقوں میں کرسپر چند سال قبل یعنی 2014۔15کے دوران مقبول ومعروف ہوچکا تھا اور اس کی یہ مقبولیت اور معروفیت اس کے دور رس نتائج کی وجہ سے تھی۔ ابتدا میں جن لوگوں نے اس ٹکنالوجی کے استعمال کے منفی پہلوؤں پر روشنی ڈالی انھیں شکی مزاج کہا گیا۔ حالاں کہ خود اس کی موجدہ نے دبے الفاظ میں اسے منضبط کرنے (regulate) پر زور دیا تھا۔ [۱]
کرسپر ٹکنالوجی کیا ہے
کرسپر (CRISPR) دراصل Clustered Regularly Interspaced Short Palindromic Repeats کامخفف ہے۔ یہ مخفف دراصل وراثتی مادہ ڈی این اے میں موجود نائٹروجنی اساس کی ایک خاص ترتیب سے متعلق ہے۔
بہت عام فہم زبان میں یہ ایک ایسی قینچی ہے جو ہمارے خلیے کے اندر موجود موروثی مادے کو ہمارے حسب خواہش کاٹ سکتی ہے۔ اور یہ ’’کاٹنا‘‘ غیر معمولی صحت کے ساتھ ہوتا ہے۔ اگر ہم آسانی کے لیے سمجھنا چاہیں تو ذیل میں دی گئی تخفیفی شکل سے ہم اس بات کو سمجھ سکتے ہیں کہ انسان بالآخر اپنے جینز اور ماحول کا پراڈکٹ ہے۔ اور کس طرح ان جینز کو تبدیل کر کے انسان سمیت ہر جان دار کو یکسر مختلف جان دار یا انسان میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
انسان انسانی اعضا نسیج اور بافت خلیات حیاتیاتی سالمات مرکزہ ڈی این اے
یعنی انسان کا مادی وجود (سائنسی نقطۂ نظر کی رو سے) اصل میں صرف ان 30 ہزار جینز اور ان کے مختلف ریگولیشن اور ماحول کے بعض عوامل کا مجموعہ ہے، یا دوسرے لفظوں میں 30 ہزار الفاظ کی کہانی ہے جو صرف 4 حروف تہجی (A,G,T,C) سے لکھی گئی ہے۔
یہ حقیقت کہ 4 حروف سے لکھی گئی یہ 30 ہزار صفحات پر مشتمل کہانی ہر بار الگ ہوتی ہے، اور نہ جانے کتنے عرصے سے چلی آ رہی ہے—خالق پر ایمان لانے کے لیے کافی ہے۔
ہر جان دار (انسان) اس کتاب کا ایک جز اپنی ماں سے اور ایک جز اپنے باپ سے حاصل کرتا ہے۔ اس کتاب میں سب کچھ لکھا ہے۔ ہمارے جسمانی اعضا کی بناوٹ (جیسے رنگ، آنکھ، ناک، کان، ہونٹ، ٹھوڑی) سے لے کر ہماری ذہانت کی سطح (آئی کیو)، ہمارے بعض رویے، یہان تک کہ ہماری بعض ترجیحات بھی!
کرسپر ٹکنالوجی اس کتاب کے کسی بھی ورق کو انتہائی صفائی سے کاٹ کر آپ کے من پسند ورق کو اس جگہ چپکا سکتی ہے۔ (ملحوظ رہے کہ اس کتاب کا بیش تر حصہ ان اور اق پر مشتمل ہے جو اپنی مکمل کہانی رکھتے ہیں اور اس کتاب کا کم حصہ ایسا ہے جو ایک دوسرے سے متصل ہے۔)
یعنی اس ٹکنالوجی کا استعمال کر کے جان داروں کی ہیئت اور ان کے بہت سارے رویے تک منضبط کیے جاسکتے ہیں! یہ محض ہالی وڈ کی فکشن فلم یا مغرب کے فکشن ناول کا خیالی پلاؤ نہیں ہے بلکہ ایسا عین ممکن ہے۔ اور چوہے اور مینڈک میں ان کی جلد اور ان کی بعض خصوصیات کو اس ٹکنالوجی کا استعمال کرکے بدلا جا چکا ہے۔
موروثی مادے (ڈی این اے) کی ایڈٹنگ کی مختلف ٹکنالوجیاں جو گذشتہ صدی کی سترکی دہائی سے آج تک ایجاد ہوئی ہیں، ان میں کرسپر ٹکنالوجی سب سے تیز، سستی اور تیر بہدف ٹکنالوجی ہے۔ اس لحاظ سے اس ٹکنالوجی کے استعمال کے مثبت اور منفی اثرات حیاتیاتی ٹکنالوجی کی اخلاقیات پر زبردست سوالات کھڑے کر دیتے ہیں۔ ذیل میں اس ٹکنالوجی کے اثرات کا مختصر تذکرہ کیا جاتا ہے۔ ملحوظ رہے کہ یہ ٹکنالوجی دوسری ٹکنالوجی کی طرح محض مثبت و منفی اثرات نہیں رکھتی بلکہ اس ٹکنالوجی کے بالطبع اثرات بالکل ایک نئی جہت کی طرف لے جاتے ہیں۔ اس کی وضاحت آگے آئے گی۔
آگے جدول میں دیے گئے تمام نکات یا اثرات محض خیالی نہیں ہیں، بلکہ ان سب نکات پر تفصیلی مقالات موجود ہیں، جن پر یہ تمام سائنسی کام کیے جا چکے ہیں۔ مثلاً زیبرا فش میں اس ٹکنالوجی کا استعمال کر کے مخصوص رنگ کےذمہ دار جین کو درست کیا گیا [۲] اسی طرح arabidopsis نامی پودے میں ایک خاص قسم کے جین میں تبدیلی کرکے اصولی طور پر ثابت کیا گیا کہ اس ٹکنالوجی کےذریعے چاول کی پیداوارکو بڑھایا جاسکتا ہے۔ [۳] اسی طرح ایک خاص قسم کے خنزیر میں اس ٹکنالوجی کے ذریعے تبدیلی کر کے ایک جینیاتی مرض کے لیے تحقیقی ماڈل بنایا گیا۔ [۴] ایک جاپانی کالی گائے/بیل میں پائی جانے والی جینیاتی بیماری کو اس ٹکنالوجی کا استعمال کر کے درست کیا گیا۔ سائنسی حلقوں میں اس تحقیقی مقالے کو بڑے جوش وخروش کے ساتھ لیا گیا، کیوں کہ یہ براہ راست اس بات کا ثبوت تھا کہ اگر گائے یا بیل میں یک جینی امراض کا علاج اس ٹکنالوجی کا استعمال کرکے کیا جاسکتا ہے تو انسانی یک جینی امراض کا علاج بھی بہ آسانی کیا جا سکتا ہے۔ [۵]
کرسپر ٹکنالوجی پر شک کرنے والے یہ کہتے آئے ہیں کہ یک جینی تبدیلی یا ایڈٹنگ تو آسان ہے لیکن ایک سے زائد جینز کی تبدیلی مشکل کام ہوگا۔ اور چوں کہ فینوٹائپ یعنی ظاہری خصائص مثلاً رویے، احساسات، رحم، مامتا، جلد کا رنگ، یا قد و قامت، یا آنکھوں کا رنگ ایسے خاصّے ہیں جو ایک سے زائد جینز کے ذریعے منضبط کیے جاتے ہیں۔ اس لیے اس ٹکنالوجی کے اس پہلو سے فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں کہ یہ انسانوں یا جانوروں میں بہتری لانے کے لیے استعمال کی جائے گی، بلکہ یہ بہت ہی مشکل بلکہ ناممکن کام ہے۔
ہمارے نزدیک یہ محض ایک تکنیکی دشواری ہے جس پر بہت ممکن ہے کہ جلد یا بدیر قابو پا لیا جائے۔ اس کو اس مثال سے آسانی سے سمجھا جا سکتا ہے کہ ابتدائی کمپیوٹر کا سائز ایک کمرے کے برابر ہواکرتا تھا۔ اب وہ ہماری ہتھیلی میں سما سکتا ہے۔
صرف 25 سال پہلے تک ڈاٹا اسٹوریج ڈیوائس کی ڈاٹا محفوظ کرنے کی صلاحیت اور آج کے ڈیوائسز کی کی صلاحیت میں کوئی مقابلہ نہیں۔ پہلے ایک مکمل جانور کو قربان کر کے کچھ ملی لیٹر انسولین حاصل کیا جاتا تھا۔ جینیٹک انجینئرنگ کے ذریعے ای کولائی نامی بیکٹیریا سے سینکڑوں ملی لیٹر انسولین حاصل کیا جاتا ہے۔ پہلے جان داروں بشمول انسان کے ڈی این اے میں موجود نائٹروجن اساس (ڈی این اے بیس) کی ترتیب (sequencing) کے لیے ہزاروں ڈالر خرچ کرنے پڑتے تھے۔ اب 100 ڈالر سے کم میں آپ خود اپنے ڈی این اے کی ترتیب معلوم کر سکتے ہیں۔ اور مستقبل قریب میں کس طرح کی ذہنی اور جسمانی بیماری کا شکار ہوں گے ان کے امکانات کا فی صد معلوم کر سکتے ہیں۔ یہ جینیاتی سطح کی مستقبل گوئی ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتر سے بہتر ہوتی جا رہی ہے۔
اس لیے یہ بات شرح صدر کے ساتھ کہی جا سکتی ہے کہ کرسپر کے سلسلے میں جن تکنیکی دشواریوں کا تذکرہ ماہرین کر رہے ہیں، ہمارے نزدیک وہ محض وقت کی بات ہے اور صرف تین سال پہلے اس کا اصولی ثبوت محقق زوئے ای (Zue۔e) وغیرہ نے دے دیا ہے۔ انھوں نے بندروں اور چوہوں میں کئی طرح کے جینزکو خارج کرکے (knock out) بتایا کہ مختلف جینز کے ذریعے کنٹرول ہونے والے افعال کو بھی اس تکنیک کے ذریعے بدلا (manipulate) جا سکتا ہے۔ [۶]
اسی دوران کچھ دوسرے محققین نے انسانی جنین (embryo) میں دل کی بیماری پیدا کرنے والے خراب جین کی جگہ صحت مند جین کو کرسپر کے ذریعے تبدیل کردیا ۔ [۷] واضح رہے کہ دل کی یہ بیماری جین اور دیگر ماحولیاتی عوامل کے ذریعے ہوتی ہے۔ (اگرچہ کہ حیاتیاتی اخلاقیات کے اصولوں کی وجہ سے یہ جنین ضائع کر دیے گئے لیکن اصولی طور پر یہ ثابت ہو گیا کہ اس ٹکنالوجی کے ذریعے جینز میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔)
چناں چہ یہ بات صاف ہو گئی کہ کرسپر ٹکنالوجی میں بالطبع اس بات کی مکمل صلاحیت موجود ہے کہ سالماتی حیاتیاتیات کی ترقی کے ساتھ ساتھ وہ جان داروں میں ظاہری تبدیلی کو ممکن بنائے۔ بطور خاص جین اور ان کے افعال اور وہ تمام خاصے جو جین یا مختلف جینز کے ذریعے پیدا ہوتے ہیں۔ جیسے ظاہری خاصّے رنگ، قدو قامت اور بالوں اور آنکھوں کا رنگ ان کے بارے میں جیسے جیسے سالماتی حیاتیاتیات کی معلومات پختہ ہوتی جائیں گی، یعنی ہم یقین سے یہ کہہ سکیں گے کہ فلاں اور فلاں جین ان ظاہری یا باطنی خاصوں کے لیے ذمہ دار ہیں ویسے ویسے ان جینز کی تبدیلی اس ٹکنالوجی کے ذریعے ممکن ہوتی چلی جائے گی۔
ہمارے نزدیک یہ بات صرف یہیں تک نہیں رکے گی۔ باطنی خاصّے جیسے احساسات، رویے، رسپانس کی صلاحیت بالآخر سب کچھ جینز کے ذریعے ہی کنٹرول کیا جاتا ہے۔ حالاں کہ ابھی تک سالماتی حیاتیاتیات اس طرح کے باطنی خاصوں یا خصوصیات کے سلسلے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہہ پا رہی ہے ، لیکن جانوروں میں بعض چونکانے والے تجربات ہوئے ہیں مثلاً ایسے مادہ چوہے جن میں آکسی ٹوسن نامی ہارمون پیدا کرنے والے جین کو نکال دیا گیا۔ انھوں نے اپنے بچوں سے کسی بھی قسم کی مامتا کا یا ان کی پرورش و پرداخت کے لیے درکار جد و جہد کا اظہار نہیں کیا۔ سائنس داں اسے مامتا کے ہارمون کا نام دیتے ہیں، یعنی جانوروں کی حد تک مامتا جیسا جذبہ محض ایک جین کی موجودگی اور غیر موجودگی پر منحصر ہے، یہ شک سے بالاتر ہو کر ثابت کیاجاچکا ہے۔ تو کیا انسانوں میں آکسی ٹوسن ہارمون ہی مامتا کی وجہ ہے؟
چوں کہ انسانوں میں یہ تجربات اخلاقی حدود کی وجہ سے ممکن نہیں ہیں اس لیے اس کا حتمی جواب ملنا مشکل ہے۔ لیکن تمام سائنس داں اس بات پر متفق ہیں کہ اگر یہ بات چوہے کے لیے درست ہے تو انسان کے لیے بھی تقریباً درست ہوگی۔
بالکل یہی صورت حال دیگر احساسات کے متعلق ہے۔ ان میں بعض داخلی احساسات جیسے درد کے جینز معلوم کر لیے گئے ہیں۔ ابتداءً یہ جانوروں میں معلوم کیے گئے۔ درد کے لیے ذمہ دار جینز انسانوں میں بھی دریافت ہو چکے ہیں۔ لیکن ان میں پیچیدگی پائی جاتی ہے۔ لیکن بعید نہیں کہ سالماتی حیاتیاتیات میں ہو نے والی حیران کن ترقی ایک دن اس پیچیدگی کو بھی حل کرلے۔
حالاں کہ اس طرح کے اندیشے نئے نہیں ہیں لیکن کرسپر کے غیر معمولی حد تک درست ہونے کی وجہ سے یہ اندیشے محض اندیشے نہیں رہے۔ ان میں مزید اضافہ اس وقت ہو جاتا ہے جب ہم سالماتی حیاتیاتیات (molecular biology) اور سالماتی جینیات (molecular genetics) کی حیران کن ایجادات کو دیکھتے ہیں۔
کرسپر ٹکنالوجی کے ذریعے بہتری یعنی انسان کے داخلی یا ظاہری خاصوں کی تبدیلی کے اندیشے اس وقت درست ثابت ہو گئے جب چین کے ایک سائنس داں نے 2018 میں ایک سائنسی کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ اس نے دو انسانی جنین کو کرسپر تکنیک کے ذریعے ایڈز کے وائرس کے خلاف مزاحمت کے قابل بنا دیا ہے۔ اس نے انسانی خون میں پائے جانے والے سفید ذرات کی سطح پر موجود رسیپٹر (receptor) کے جین کو ’’ساکت‘‘کردیا، جس کی وجہ سے خون میں موجود ہونے کے باوجود یہ وائرس ان خلیات میں داخل نہیں ہوسکتا، اس کے نتیجے میں خون میں اپنی تعداد کو بڑھا نہیں سکتا اور بالآخر تباہ ہوجاتا ہے۔ یہ جنین بعد میں جڑواں لڑکیوں کی شکل میں پیدا ہوئے اور صحت مند ہیں۔[۸] یہ اعلان سن کر امریکی اور یوروپی سائنس دانوں میں حسد و رشک کی لہر دوڑ گئی۔ (ہندوستانی سائنس دانوں کو اس سے کوئی غرض ہی نہیں تھی)۔ حیاتیاتی اخلاقیات (bioethics) کے ماہرین ششدر رہ گئے اور پوری دنیا میں کرسپر ٹکنالوجی پر مباحث تازہ ہوگئے۔ حالاں کہ اس چینی سائنس داں نے اپنے نتائج کسی مقالے میں شائع نہیں کیے، تاہم بیش تر سائنس دانوں کا یہ ماننا ہے کہ ایسا عین ممکن ہے ۔ بہرحال چینی حکومت کو جب اس کا پتہ چلا تو اس سائنس داں کو جیل جانا پڑا۔[۹]
جینوم ایڈٹنگ کی اخلاقیات کیا ہوں؟ کیا چینی سائنس داں انسانی جنین میں تبدیلی کے حوالے سے بائیو ایتھکس کے متعلق نہیں جانتے تھے؟ یہ سوالات مزید سوالات کو جنم دیتے ہیں۔
عمومی طور پر کرسپر ٹکنالوجی یا موروثی مادہ (ڈی این اے) کی ایڈٹنگ یا اس میں تبدیلی کی اخلاقیات پر درج ذیل نکات ملتے ہیں :
ٹکنالوجی کے استعمال سے ہونے والے نقصانات کا مکمل فہم نہ ہونے کی وجہ سے انسانوں میں یا جانوروں میں اس کا استعمال کیا جائے یا نہیں، اس سلسلے میں مکمل معلومات نہیں ہیں۔ اس لیے با خبر رضامندی (informed consent) حاصل کرنا ممکن نہیں اور سائنس کی اخلاقیات کا یہ سب سے اہم پہلو ہے۔ یعنی کسی بھی سائنسی طریقۂ کار کو استعمال کرنے سے پہلے جو بھی یا جس پر بھی وہ طریقہ استعمال ہو رہا ہو اسے اس کے فوائد و نقصانات معلوم ہونے چاہئیں۔
جیسا کہ عرض کیا جا چکا ہے کہ یہ ٹکنالوجی ممکنات کی ایک پوری دنیا اپنے اندر سموئے ہوئے ہے، چناں چہ اس کے استعمال کے حدود کیا ہوں؟
امراض کے علاج کے سلسلے میں بھی اسے کس حد تک استعمال کیا جا سکتا ہے؟ مثلاً کسی انسان کے خلیات میں اس ٹکنالوجی کا استعمال کر کے تبدیلی کی جاتی ہے۔ لیکن اگر یہ تبدیلی اس کے مادہ منویہ (sperm) میں بھی کی جائے تو اس کا اثر اس کی اگلی نسل پر بھی پڑے گا۔ کیا اگلی نسل میں کسی برے اثر کو منتقل کرنے کا حق ہمیں ہے؟
مادہ منویہ اور بیضہ میں اس ٹکنالوجی کا استعمال کس حد تک کیا جا سکتا ہے؟
علاج و معالجہ سے آگے بڑھ کر اور دوسرے خصائص کو انسانوں یا جانوروں میں پیدا کرنے کے لیے اس ٹکنالوجی کے استعمال کے حدود کیا ہوں؟
اس ٹکنالوجی سے پوری دنیا کے لوگ برابری کے اعتبار سے مستفید ہوں، اس بات کی ضمانت کیسے دی جائے گی؟
مندرجہ بالا حیاتیاتی اخلاقیات کے نکات سے کئی قسم کے سوالات کھڑے ہوجاتے ہیں۔ مثلاً:
ٹکنالوجی کے استعمال کے حدود کون طے کرے گا؟ اور جو بھی آج طے کر رہا ہے وہ ان کے نفاذ میں اکثر ناکام ہے تو پھر اس کا نفاذ کیسے ممکن بنایا جائے۔ ان حدود کے طے کرنے میں کن اصولوں کو مد نظر رکھا جائے گا۔ سیکولر ہیومنزم کے وہ اصول — (مختصراً) جن کے اعتبار سے یہ مانا جاتا ہے کہ ٹکنالوجی ایسی ہو جس سے
ماحول کو نقصان نہ پہنچے
انسانوں اور دیگر جان داروں کو نقصان نہ پہنچے
ٹکنالوجی پائیدار ہو—
کے باوجود مختلف قسم کے جی ایم او وجود میں آ چکے ہیں جو ان اصولوں کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔ چناں چہ نفاذی قوت اور اصول دونوں جہتیں حیاتیاتی اخلاقیات کے میدان میں نئی سوچ کی منتظر ہیں، کیوں کہ حیاتیاتی اخلاقیات کے علی الرغم بعض چوٹی کے سائنس داں یہ کہہ رہے ہیں کہ کرسپر ٹکنالوجی کے ذریعے ہر قسم کے تجربات کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ چاہے وہ جینیاتی ترمیم سے انسانی بہتری ہی کے تجربے کیوں نہ ہوں! بقول ایک مشہور و معروف جینیاتی ماہر کے test, test and test and if found safe, why not یعنی بہت زیادہ جانچ کے بعد اگر ٹکنالوجی محفوظ ثابت ہوتی ہے تو پھر اس کا ہر میدان میں استعمال کیا جانا مناسب ہے۔
انسانی جنین میں اس ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعے تبدیلی فی الوقت حیاتیاتی اخلاقیات کے ضابطے کے خلاف ہے۔ لیکن جو کچھ چین میں ہوا وہ اس بات کا واضح اظہار ہے کہ اس طرح کا ضابطۂ اخلاق خاص قسم کے رویوں پر کنٹرول چاہتا ہے اور یہ کنٹرول مخصوص نظریہ حیات (ورلڈ ویو) کو ماننے کے نتیجے میں پیدا ہوتا ہے۔ اس طرح کے ضابطۂ اخلاق کی پامالی سے ظاہر ہوتا ہے کہ موجودہ ورلڈ ویو رویے پر کنٹرول کرنے میں ناکام ہو چکا ہے۔
سیکولر انسان پسند ورلڈ ویو کی بنیاد بالطبع اضافی ہے۔ ان بنیادوں پر کھڑی حیاتیاتی اخلاقیات کی عمارت بہت کم زور ہے۔ اس لیے کچھ ابدی بنیادوں کی ضرورت ہے۔
کرسپر ٹکنالوجی اسلامی نقطۂ نظر سے
ٹکنالوجی کے اسلامی ورلڈ ویو پر لکھا گیا ہے لیکن وہ بہت عمومی نوعیت کا ہے۔حقیقت یہ ہے کہ ٹکنالوجی بالعموم اور جینیاتی ایڈٹنگ کی ٹکنالوجی (یا سالماتی حیاتیاتی ٹکنالوجی) بہت تیزی سے تبدیل ہو رہی ہیں۔ اس لحاظ سے اسلامی نقطۂ نظر سے غیر معمولی دقت نظر اور اجتہاد کی ضرورت درپیش ہے۔ بعض مسلم محققین اس کی طرف اشارہ کر رہے ہیں۔[10]
ٹکنالوجی کے اسلامی نقطۂ نظر کے لیے ہم جب قرآن کو اصولی رہ نمائی کے لیے کھولتے ہیں تو درج ذیل نکات بڑی صراحت کے ساتھ ہمارے سامنے آ جاتے ہیں۔ یہ نکات ہمیں بالعموم ٹکنالوجی اور بالخصوص جینوم ایڈٹنگ کی ٹکنالوجی کو منضبط (regulate) کرنے کے لیے اصولی رہ نمائی فراہم کرتے ہیں۔
■ لاتفسدوا فی الارض: زمین میں فساد برپا نہ کرو۔ فساد ایک وسیع الاطراف لفظ ہے۔ ہمارے نزدیک کرسپرٹکنالوجی میں بالطبع اس بات کی صلاحیت موجود ہے کہ وہ محدود پیمانے پر یا غیر منضبط ہونے کی صورت میں لامحدود پیمانے پر فساد فی الارض کا سبب ہوجائے۔ مثلاً جینیاتی ترمیم سے انسانی بہتری کا حقیقی خطرہ۔ اس ٹکنالوجی سے انسانی جنین میں بہت ساری ایسی تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں جن کا اس سے پہلے تصور بھی ممکن نہیں تھا۔ مثلاً ایسے جنگ جو انسانوں کی تخلیق جن میں رحم کا جذبہ سرے سے غائب ہو۔ ایسے سائیبورگ (انسان اور مشین کو ملا کر تخلیق دیے گئے انسان) جو بنیادی انسانی احساسات سے عاری ہوں، جیسے محبت، اخوت، ہمدردی جیسے جذبات۔ اب اس طرح کی تخلیقات جب سماج میں عام ہو جائیں گی تو ان کے اثرات انسانی سماج پر کیا ہوں گے۔ اس سے کیا کچھ فساد برپا ہوگا اس کا تصور ہی دل دہلادینے والا ہے۔ اس سے قبل صنفی اختیار (sex selection) کی ٹکنالوجی سے بطور خاص ایشیا میں جو فساد برپا ہوا ہے جس کے اثرات اب ہر طرف دیکھے جاسکتے ہیں وہ ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ ابتداءً بےضرر اور انتہائی کارآمد ایکسرے ٹکنالوجی نے بالآخر کہاں کہاں فساد برپا کیا وہ ظاہر ہے۔ پورے ایشیا میں مرد و عورت کا وہ تناسب جو فطری طور پر قائم تھا زبردست طریقے سے بدل گیا ہے اور اس کے لازمی اثرات کا خمیازہ اب پوری نسل انسانی بھگت رہی ہے۔ یہ محض ایک مثال ہے۔ اس طرح کی کئی مثالیں دی جا سکتی ہیں۔ ایکسرے ٹکنالوجی تو اصلاً بےضرر تھی کرسپر بالطبع بےضرر نہیں ہے۔
■ الا تطغوا فی المیزان: میزان میں خلل نہ ڈالو۔ یہ دوسرا تاکیدی نکتہ ہے جو بتاتا ہے کہ انسان کی بنیادی ذمہ داریوں میں سے ایک یہ بھی ہے کہ وہ اللہ کی بنائی ہوئی میزان میں خلل نہ ڈالے۔ میزان ایک بامعنی لفظ ہے جس کا قریب ترین ترجمہ ترازو یا ناپ تول کے تناظر میں لیا جاتا ہے۔ لیکن قرآن اسے بیلنس کے مفہوم میں بھی استعمال کرتا ہے۔ چناں چہ انسان کی کوئی بھی سرگرمی اور کوئی بھی ٹکنالوجی ایسی نہ ہو جو توازن یا بیلنس میں خلل ڈالے۔ ہمارے نزدیک کرسپر ٹکنالوجی میں یہ امکان بدرجہ اتم موجود ہے کہ وہ توازن میں خلل ڈال سکے بلکہ دیگر ٹکنالوجیوں کے مقابلے میں یہ ٹکنالوجی اس بات کا زیادہ امکان رکھتی ہے۔ کیڑے مکوڑے، حشرات، پودے جو بظاہر نقصان دہ ہیں ان کی تخلیق اور ان کے تناسب کا بھی ایک توازن ہے۔ اس میں بھی خلل اندازی سے بالآخر میزان میں خلل پڑتا ہے۔ یہ کہا جا سکتا ہے کہ پھر موذی جانوروں اور موذی حشرات وغیرہ کو بھی نہیں مارنا چاہیے۔ ایک سیب بھی نہیں توڑنا چاہیے کہ یہ بھی میزان میں خلل ہے! لیکن اس کا جواب یہ ہے کہ انسانی مصالح ومفاسد کے پیش نظر جن چیزوں میں جس قدر تصرف کی اجازت ہے ایسی ٹکنالوجی کا عمل اس حد تک مباح رہے گا۔ شریعت کا ایک اہم اصول یہ بھی ہے کہ ’’مضرت‘‘ (نقصان) اور ’’منفعت‘‘ (فائدہ) میں تناسب کو ہمیشہ مدِ نظر رکھا جائے گا۔ یعنی اگر نقصان بہت زیادہ ہو تو ایسے کسی فعل یا ٹکنالوجی کو اختیار نہیں کیا جائے گا۔ اگر فائدہ نقصان کے مقابلے زیادہ ہوگا تو ایسے کسی فعل اور ٹکنالوجی کو احتیاط سے اختیار کیا جائے گا اور یہ صورت میزان میں خلل ڈالنے والے نکتہ سے استثنا رہے گی۔
اس سے بھی آگے بڑھ کر یہ کہا جاسکتا ہے کہ وہ حشرات جو فصلوں کو یا انسان کو نقصان پہنچاتے ہیں ان کے ذریعے پہنچائے جانے والے نقصان کو کم سے کم کیا جائے نہ کہ ان کی انواع کا خاتمہ کیا جائے، (اسی لیے اگر مچھر دانی کا استعمال کر کے مچھروں سے بچا جاسکتا ہو تو مچھر کش دوائی کی ٹکنالوجی کا استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔) کرسپر ٹکنالوجی انواع کا صفایا کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ یہ مضر جان داروں (حشرات، بیکٹیریا، پودے) میں ایسے جینز داخل کرسکتی ہے جو بالآخر ان کی انواع کا صفایا کردیں گے۔ لیکن ان انواع کا صفایا کس طرح سے نئی انواع کو جنم دے گا جو ہوسکتا ہے ان سے بھی خطرناک ہوں اس کا کوئی میکنزم ہمارے پاس نہیں ہے۔ اس لیے ہو سکتا ہے کہ اس کی منفعت اس کے نقصان سے بہت کم رہ جائے۔
■ الذی خلق فسوی: وہی ہے جس نے تخلیق کی اور تناسب قائم کیا۔ تخلیق اور تناسب اللہ تعالیٰ کے لیے خاص ہے وہ بہتر طور پر جانتا ہے کہ خلق کیسی ہو اور اس کا تناسب کیا ہو۔ کس خطے میں کیسا تناسب ہو اور کس خطے میں کیسی مخلوق ہو اور ان کے خصائص کیا ہوں۔ مخلوقات اور تناسب محض ماحول اور فطری انتخاب اور تنازعہ للبقا ہی کے نتیجے میں وجود میں نہیں آئی ہیں۔ یہ تنوع اور اس کی تشریح مذکورہ تینوں جہات کے علاوہ اور بھی جہات کی متقاضی ہے۔ چناں چہ ایسی کوئی ٹکنالوجی یا انسانی فعل جو اس ’’تسویۃ‘‘ پر اثر انداز ہوگا وہ قابل قبول نہیں ہوگا۔
کرسپر ٹکنالوجی بالاصل اس بات کے لیے ذمہ داربنے گی کہ اس تناسب میں بگاڑ آجائے۔ مثلاً مخصوص جلد کی رنگت والے لوگ، مخصوص آنکھوں کے رنگ والے، مخصوص جثہ وجسامت والے لوگ، مخصوص ذہن رکھنے والے لوگ۔ غرض ہر خاصّے کے لیے ایک تناسب ہے۔ اب ظاہر سی بات ہے کہ اس ٹکنالوجی کا استعمال کر کے زیادہ ذہانت (آئی کیو) کے حامل بچوں کے حصول کے لیے عوام میں ایک دوڑ لگ جائے گی۔ امریکا میں پہلے ہی ایسے سپرم عطیہ دہندگان (sperm donors) کی بہت مانگ ہے جن کا آئی کیو زیادہ ہو یا جو پی ایچ ڈی سند یافتہ ہوں۔ بیضہ سے بار آور کر کے کرایے کی بچہ دانی (surrogacy) سے کوئی بھی ماں/باپ بننے کا شرف حاصل کرسکتا ہے!)
چناں چہ ڈیزائنر بیبی اب محض خواب نہیں ہے۔ امریکا و یوروپ میں بعض اسپرم/بیضہ بینک ایسی تفصیلات کو جن کے ذریعے بہتر بچے کا حصول ہوسکتا ہے جیسے زیادہ ذہانت، نیلی آنکھیں، اونچا قد، مخصوص نسل، اونچی قیمت پر بیچتے ہیں۔ حالاں کہ اس طرح کے بیضہ اور اسپرم کے ملاپ سے ان خصوصیات والا بچہ پیدا ہو ایسا ضروری نہیں ہوتا، بلکہ اس میں کچھ ناکامی کے بھی امکانات ہوتے ہیں۔ لیکن باور کیا جاتا ہے کہ کرسپر ٹکنالوجی کے ذریعے ایسے بچوں کے حصول میں ناکامی کے امکانات صفر کی حد تک ہو جائیں گے۔ چناں چہ وہ خلق اور تناسب جو اللہ کے لیے خاص ہے اس میں ہم مداخلت کریں گے اور یہ بات بگاڑ کا ہی سبب بنے گی ہے۔
■ اسلامی شریعت کا ایک اصول ’’لاضرر ولا ضِرار‘‘ کی صورت میں مشہور و معروف ہے۔ حالاں کہ لفظ ’’ضِرار‘‘ کے مفہوم میں محققین مین اختلاف ہے لیکن ’’ضِرار‘‘ کا ایک مفہوم جانتے بوجھتے ہوئے نقصان پہنچانے کا بھی ہے۔ کرسپر ٹکنالوجی کو اگر غیر منضبط رکھا جائے یا اسے عوام و خواص سب کے لیے یکساں طور پر ہر فیلڈ میں ہر طرح کی تبدیلی کے لیے ہر قسم کے جان داروں میں تبدیلی کے لیے انسان کے خصائص بدلنے کے لیے سائبورگ اور humanoide اور negative enhancement کے لیے کھلا رکھا جائے تو یہ انسان اور ماحول دونوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگی اور یہ محض اندازہ نہیں ہے، بلکہ دیگر جینوم ایڈٹنگ کی ٹکنالوجی کے ذریعے بنائے گئے جنیٹکلی ماڈیفائڈ آرگنزم (تبدیل شدہ جینیات) پہلے ہی سے دردِ سر بنے ہوئے ہیں اور ان کے نقصان سامنے آنے لگے ہیں (بہت ہی عام مثال بی ٹی کاٹن ہے۔) چناں چہ ’’لاضِرار‘‘ کے تحت ہم اس ٹکنالوجی کے بےلگام استعمال کے قائل نہیں ہوسکتے۔
کرسپر ٹکنالوجی کے تناظر میں اسلامی نقاطِ نظر کے مذکورہ بالا مقدمہ سے اس ٹکنالوجی کی اسلامی اخلاقیات کے ضمن میں درج ذیل نکات اخذ کیے جا سکتے ہیں۔
ٹکنالوجی بقدر ضرورت ہو: حالاں کہ یہ پہلو minimalist افراد بھی پیش کرتے ہیں لیکن اسلام بطور خاص اسراف کے معاملے میں بہت حساس ہے۔ چناں چہ ہر وہ ٹکنالوجی جو ضرورت کے فریم سے آگے بڑھتی ہو اس کا استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ یہ سوال کیا جا سکتا ہے کہ ضرورت خود ایک اضافی شے ہے۔ لیکن اس ٹکنالوجی کے سلسلے میں یہ اضافی نہیں رہی۔ صرف ایک مثال ملاحظہ فرمائیے۔
اس ٹکنالوجی کے ذریعے جین ڈرائیو استعمال کر کے فصلوں کو نقصان پہنچانے والے حشرات کا صفایا کیا جا سکتا ہے۔ ہمارے نزدیک یہ غیر ضروری ہے۔ کیوں کہ جیسا کہ اوپر بیان کیا جا چکا ہے اور اب تقریباً ثابت شدہ ہے کہ ماحولیاتی توازن میں ہر شے کا اپنا رول ہے۔ جب ہم جین ڈرائیو کے ذریعے مکمل طور پر اس کی انواع کا صفایا کریں گے تو بالکل نئی قسم کے انواع کے وجود میں آنے کا حقیقی خطرہ ہے۔ اس کے جواب میں مخالفین یہ کہتے ہیں کہ تو پھر کیا فصلوں کو برباد ہونے دیں اور انسان کو بھوکا مرنے دیں۔ ہمارا جواب ہے کہ نہیں جین ڈرائیو اور کرسپر کا استعمال کر کے ان حشرات کی انواع کا صفایا کرنے کے بجائے حشرات سے integrated pest management کا استعمال کیا جائے جو فصلوں کو محفوظ رکھ سکتا ہے۔ اس میں انواع مکمل تباہ نہیں ہوتی اور فصلوں کا نقصان نسبتاً بہت کم ہوجاتا ہے۔
کرسپر ٹکنالوجی میں ظاہری خاصے تبدیل کیے جا سکتے ہیں۔ ہمارے نزدیک یہ واضح طور پر غلط ہے۔ اسلامی نقطۂ نظر سے مخلوق کی ساخت میں تبدیلی نہیں کی جا سکتی۔
جنین میں بیماری کے لیے ذمہ دار جین درست کیے جا سکتے ہیں۔ لیکن اس وقت جب اس سے نقصان کا اندیشہ اس کے فائدے سے بہت کم ہو۔ یہاں پر ایک ایک پیچیدہ سوال اٹھ کھڑا ہوتا ہے۔ بیماری کے جین سے بیماری پیدا ہوتی ہے جس سے اذیت ہوتی ہے۔ لیکن ایک سفید فام تہذیب میں کالا ہونا بھی اذیت کا باعث ہے۔ ایک جسمانی اذیت ہے دوسری نفسیاتی۔ تو بیماری کے جین اگر درست کرنے کی اجازت آپ دیتے ہیں تو جلد کی رنگت کی تبدیلی کی اجازت کیوں نہیں دیتے۔ بالآخر دونوں صورتوں میں جین کی وجہ سے مستقبل میں اذیت ہی تو ہوگی۔ دونوں صورتوں میں آپ مخلوق کی ساخت میں تبدیلی کر رہے ہیں۔ یہاں مثبت انسانی جینیاتی ترمیم اور منفی انسانی جینیاتی ترمیم کی بحثیں ہیں، جن کا یہ مضمون متحمل نہیں ہے۔
ہمارے نزدیک اس طرح کے پیچیدہ سوالات کا کافی و شافی جواب موجود ہے۔ بلکہ بعض تشریعی اصول تو اس طرح کے معمہ جاتی نوعیت کے سوالات کا شاندار جواب دیتےہیں۔
یوجینکس اور انسانی جینیاتی ترمیم دراصل انسان کے خود کو مختار کل سمجھنے کے نقطۂ نظر کا اظہار ہے۔ جب کہ اسلامی نظریہ کے مطابق مختار کل صرف اللہ کی ذات ہے۔ اس لیے اس طرح کی کسی بھی ٹکنالوجی کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی جو بالآخر یوجینکس اور انسانی جینیاتی ترمیم پر منتج ہو۔
کرسپر کے ذریعے ایسے پودوں کی تخلیق جو موجود پودوں کی بعض انواع کو ہٹا کر ماحول میں امپلانٹ کی جائیں گی، اس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
کرسپر کے ذریعے somatic cellsمیں تبدیلیوں کی گنجائش محض جینیاتی امراض کی حد تک ہوگی۔
واضح رہے کہ ٹکنالوجی کی اخلاقیات کا یہ بیانیہ کرسپر ٹکنالوجی کو مکمل طور پر رد کردینے یا اس ٹکنالوجی میں مزید تحقیقات کو بند کر دینے کے موقف میں بالکل نہیں ہے۔ جیسا کہ متشدد عیسائی تخلیق پسند بیانیے کے ماننے والے یا الٹرا آرتھوڈوکس یہودی حضرات کا ماننا ہے، بلکہ یہ بیانیہ اس ٹکنالوجی کو صحیح سمت دینے اور اسے زیادہ بہتر طور پر منضبط کرنے کے لیے ٹھوس بنیادیں فراہم کرتا ہے۔ یہ ٹکنالوجی کی اخلاقیات میں خالق و مالک کے تئیں احساس ذمہ داری اور اس کے سامنے پیش ہونے کے تصور کو جگہ دیتا ہے۔ اور اس ٹکنالوجی کو اپنی عقل محض یا ہوائے نفس کا استعمال کر کے زحمت بنانے کے بجائے وحی کی رہ نمائی میں اپنی عقل کا استعمال کر کے رحمت بنانے پر زور دیتا ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ کرسپر ٹکنالوجی اور اس سے وابستہ اخلاقیات اور حیاتیاتی اخلاقیات ایک وسیع تر سائنس ہے۔ اس سائنس میں اسلامی نقطہ ہائے نظر کو پروان چڑھانا بے حد ضروری ہے۔ بطور خاص جب کہ دنیا میں ’’قوانین‘‘ اور معیارات کی دل چسپ بحث چھڑ چکی ہے۔ کہیں قوانین ہیں تو معیارات غائب ہیں، کہیں معیارات ہیں تو قوانین ندارد ہیں۔ کہیں دونوں موجود ہیں تو ان کے نفاذ کی بنیادیں بہت کم زور ہیں۔
قرآن کا ایک اعجاز یہ بھی ہے کہ وہ قوانین بھی دیتا ہے اور معیارات بھی اور ان کے ساتھ ان کے عملی نفاذ کی ٹھوس بنیادیں بھی۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ موجود نسل تدبر قرآن اور تدبر سیرت کی اپنی ذمہ داری پوری کرے اور دنیا کو اس کی روشنی سے منور کر دے۔■
مراجع وحواشی
1. https://www.youtube.com/watch?v=gC_x2XKJjQo
2. Irion U, Krauss J, Nusslein۔Volhard C. Precise and efficient genome editing in zebrafish using the CRISPR/Cas9 system. Development. 2014; 141:4827–30. [PubMed: 25411213]
3. Feng Z, Zhang B, Ding W, Liu X, Yang DL, Wei P, et al. Efficient genome editing in plants using a CRISPR/Cas system. Cell Res. 2013; 23:1229–32. [PubMed: 23958582]
4. Hai T, Teng F, Guo R, Li W, Zhou Q. One۔step generation of knockout pigs by zygote injection of CRISPR/Cas system. Cell Res. 2014; 24:372–5. [PubMed: 24481528]
5. Ikeda M, Matsuyama S, Akagi S, Ohkoshi K, Nakamura S, Minabe S, et al. Correction of a Disease Mutation using CRISPR/Cas9۔assisted Genome Editing in Japanese Black Cattle. Sci Rep. 2017; 7:17827. [PubMed: 29259316]
6. Zuo E, Cai YJ, Li K, Wei Y, Wang BA, Sun Y, et al. One۔step generation of complete gene knockout mice and monkeys by CRISPR/Cas9۔mediated gene editing with multiple sgRNAs. Cell Res. 2017; 27:933–45. [PubMed: 28585534]
7. Ma H, Marti۔Gutierrez N, Park SW, Wu J, Lee Y, Suzuki K, et al. Correction of a pathogenic gene mutation in human embryos. Nature. 2017; 548:413–9. [PubMed: 28783728]
8. https://www.youtube.com/results?search_query=he+jiankui
9. https://www.youtube.com/watch?v=1TFDRHp8۔YI
10. Amana Raquib, . The Islamic Standard for the Assessment of Modern Technology. Revelation and Science Vol. 03, No. 02 (1435H/2013) 1۔8