کانپور پوسٹ آفس نے گینگسٹر چھوٹا راجن اور منا بجرنگی کی تصاویر پر مشتمل ڈاک ٹکٹ جاری کیا، تحقیقات کا حکم دیا گیا

کانپور (یوپی)، 29 دسمبر: منگل کو عہدے داروں نے بتایا کہ کانپور پوسٹل ڈیپارٹمنٹ نے انڈرورلڈ ڈان چھوٹا راجن اور گینگسٹر مننا بجرنگی پر مشتمل ڈاک ٹکٹ شہر کے مرکزی ڈاک خانے کے ذریعے جاری کرنے کے بعد تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

ایک عہدیدار نے مزید بتایا کہ راجن اور بجرنگی میں سے ہر ایک پر بارہ ڈاک ٹکٹ ’’مائی اسٹیمپ‘‘ (My Stamp) اسکیم کے تحت چھپے تھے، جسے کچھ سال قبل محکمہ نے شروع کیا تھا۔

پوسٹ ماسٹر جنرل وی کے ورما نے اس کو ’’مائی اسٹیمپ‘‘ ڈیسک کی دیکھ بھال کرنے والے شخص کی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔‘‘

انھوں نے مزید کہا کہ یہ معلوم ہوا ہے کہ 5 روپے قیمت کے حامل ان ڈاک ٹکٹوں کی درخواست ایک گمنام شخص نے کی تھی، جس نے ان کے لیے 600 روپے ادا کیے تھے۔

ورما نے بتایا کہ متعلقہ عہدیدار نے ضروری کاغذات اور شناختی کارڈ طلب کے بغیر ہی تصاویر کے ساتھ 12 اسٹیمپس جاری کر دیے۔

انھوں نے بتایا کہ محکمہ انچارج رجنیش کمار کو معطل کردیا گیا ہے۔

پوسٹ ماسٹر جنرل نے کہا ’’ہم نے اس سلسلے میں کچھ دوسرے ملازمین کو بھی وجہ بتاؤ نوٹسز جاری کیے ہیں۔‘‘

ورما نے کہا کہ مستقبل میں اس طرح کے معاملات سے نپٹنے کے لیے سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ اس طرح کی غلطیوں کو دہرایا نہیں جائے گا۔

معلوم ہو کہ ’’مائی اسٹیمپ‘‘ اسکیم کے تحت کوئی بھی شخص 300 روپے دے کر اپنی یا اپنے خاندان کے کسی فرد کی تصویر کے ڈاک ٹکٹ حاصل کرکے جاری کرسکتا ہے۔

انڈر ورلڈ ڈان راجن فی الحال ممبئی کی ایک جیل میں ہے اور بجرنگی کو یوپی کی باغپت جیل میں 2018 میں قتل کر دیا گیا تھا۔