چترادرگا میں ہندو مہا سبھا کا ضلع صدر اشتعال انگیز پوسٹ کے لیے گرفتار

اکھل بھارتیہ ہندو مہاسبھا کے ضلع صدر ایم کمارسوامی کو چتردرگا ٹاؤن پولیس نے فیس بک پر اشتعال انگیز پوسٹ شائع کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔

پولیس کے مطابق سید سعادت جو چتردرگا میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے ضلع سکریٹری ہیں، نے 10 اپریل کی شام کو شکایت درج کی تھی کہ مسٹر کمارسوامی نے 7 اپریل کو اپنے فیس بک پیج پر ’’کارسیوکوں کے ذریعے گودھرا فسادات کو دہرایا جائے گا‘‘ لکھ کر شائع کیا تھا۔ مسٹر سعادت نے کہا کہ ایسے وقت میں جب دنیا کورونا وائرس کی وبا سے لڑنے کے لیے جد و جہد کر رہی ہے، مسٹر کمارسوامی فرقہ وارانہ منافرت پھیلارہے تھے اور ایک خاص برادری کو نشانہ بنا رہے تھے۔

مسٹر سعادت نے الزام عائد کیا کہ یہ اشتعال انگیز پوسٹ معاشرے میں امن اور ہم آہنگی میں خلل ڈالے گی۔

پولیس نے آئی پی سی کی مختلف شقوں کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔

پولیس نے مسٹر کمارسوامی کو 10 اپریل کی شام کو چتردرگا کے گاندھی نگر میں واقع ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا۔