وکاس دوبے انکاؤنٹر: اکھلیش یادو نے کہا ’’کار نہیں پلٹی، سرکار پلٹنے سے بچ گئی‘‘

لکھنؤ، جولائی 10: اترپردیش کے خوفناک مجرم وکاس دوبے کے اچانک انکاؤنٹر کی خبر کے بارے میں سوالات اٹھنا شروع ہوگئے ہیں۔

یوپی کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے ریاست کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت پر اس انکاؤنٹر کا الزام لگایا ہے۔ انکاؤنٹر کی خبر سامنے آنے کے بعد انھوں نے کہا کہ یہ انکاؤنٹر حکومت کو بچانے کے لیے کیا گیا ہے۔

ایک ٹویٹ میں اکھلیش نے لکھا ’’دراصل کار نہیں پلٹی ہے، راز کھلنے کی وجہ سے سرکار پلٹنے سے بچ گئی ہے۔‘‘

جمعرات کو وکاس دوبے کی گرفتاری کے بعد بھی اکھلیش یادو نے یوگی حکومت پر سوال اٹھائے تھے۔ انھوں نے وکاس دبے کی گرفتاری پر شک کیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ حکومت کو واضح کرنا چاہیے کہ یہ گرفتاری ہے یا ہتھیار ڈالنا ہے۔

اکھلیش نے الزام لگایا کہ ’’کانپور واقعے نے یوپی کی بی جے پی حکومت کا نقاب بھی ہٹادیا ہے۔ اس واقعے نے پولیس فورس کی ذہانت کو بھی بے نقاب کردیا ہے۔‘‘