وزیر اعظم نے لوگوں سے اتوار کے روز رات 9 بجے اپنی اپنی بالکونیوں میں موم بتی، لیمپ یا ٹارچ جلانے کو کہا

نئی دہلی، اپریل 3: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے دن ہندوستانیوں سے کہا کہ وہ اپنی بالکونیوں میں اتوار کو رات 9 بجے 9 منٹ تک موم بتی، لیمپ یا موبائل کی فلیش لائٹ جلا کر کورونا وائرس کے خلاف اپنی لڑائی کا اظہار کریں۔ ایک ویڈیو پیغام میں وزیر اعظم نے وبائی مرض پر قابو پانے کے لیے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے دوران ملک کے عوام کی طرف سے دکھائے گئے بے مثال نظم و ضبط کی تعریف کی۔

اپنے ویڈیو پیغام میں مودی نے کہا کہ 22 مارچ کو جنتا کرفیو یا لوگوں کا کرفیو ایک ایسا ماڈل بن گیا ہے جس کو دوسرے ممالک کے ذریعہ نقل کیا جارہا ہے۔ انھوں نے مزید کہا ’’جنتا کرفیو اور گھنٹی بجانے یا برتن بجانے کر اس مشکل وقت کے دوران ملک کو اپنے اتحاد سے آگاہ کیا گیا۔ ہمیں کورونا وائرس کے ذریعہ پیدا ہونے والے اندھیرے سے روشنی کی طرف بڑھنا ہے۔‘‘

وزیراعظم نے کہا ’’اتوار کو رات نو بجے گھر پر اپنی ساری لائٹس بند کردیں اور اپنی بالکونیوں میں موم بتی، ٹارچ، دیا یا موبائل کی فلیش لائٹ جلا کر 9 منٹ تک کھڑے رہیں۔ اس سے ظاہر ہوگا کہ ہم سب روشنی کے لیے مل کر لڑ رہے ہیں۔‘‘

انھوں نے لوگوں کو ایسا کرتے وقت معاشرتی فاصلہ برقرار رکھنے کی بھی تاکید کی۔

جمعہ کے روز ساتویں دن میں داخل ہونے والے لاک ڈاؤن کے دوران مودی نے "نظم و ضبط اور ان کی خدمات” کے لیے عوام کی تعریف کی۔ انھوں نے کہا ’’ہماری روح اور جوش سے زیادہ مضبوط کوئی طاقت نہیں ہے۔‘‘ انھوں نے لوگوں سے یہ یاد رکھنے کے لیے کہا کہ کوویڈ 19 کے خلاف اس جنگ میں کوئی بھی تنہا نہیں ہے۔ انھوں نے کہا ’’130 کروڑ ہندوستانیوں کی طاقت ہم میں سے ہر ایک کے ساتھ ہے۔‘‘

وزیر اعظم نے جمعرات کو کورونا وائرس کے بحران پر تبادلۂ خیال کے لیے تمام ریاستوں اور مرکزی علاقوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کی۔ مودی نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تین ہفتوں کے ملک گیر لاک ڈاؤن کے بعد مرکز اور ریاستوں کے پاس "مشترکہ خروج کی حکمت عملی” ہونی چاہیے۔

اجلاس سے متعلق ایک پریس بیان کے مطابق انھوں نے وزرائے اعلی پر زور دیا کہ ملک کا اجتماعی مقصد کم سے کم جانی نقصان کو یقینی بنانا ہو۔ مودی نے مزید کہا ’’اگلے چند ہفتوں میں، جانچ ، تلاش، تنہائی اور قرنطینہ کو توجہ کا مرکز ہونا چاہیے۔‘‘

وہیں وزارت صحت کے مطابق ملک میں اب تک کورونا وائرس کے 2،069 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں اور ان میں سے 53 افراد کی موت ہوگئی ہے۔ متعدد ریاستیں اب بھی دہلی کے نظام الدین مرکز میں منعقدہ ایک مذہبی پروگرام سے وابستہ لوگوں کی شناخت اور ان کا سراغ لگارہی ہیں۔ وزارت داخلہ نے بتایا کہ تقریبا 9،000 تبلیغی جماعت کے ممبران اور ان کے بنیادی رابطوں کی جمعرات کے روز تک بازیابی کی گئی ہے۔