وزارت آیوش کے سکریٹری کے بیان پر بڑھا تنازعہ، کہا کہ ہندی نہ بولنے والے شرکا اجلاس چھوڑ سکتے ہیں

نئی دہلی، 22 اگست:ڈی ایم کے کے ممبر پارلیمنٹ کنیموزی نے آج آیوش سکریٹری ویدیا راجیش کوٹیچا کی معطلی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے ’’غیر ہندی‘‘ (ہندی نہ بولنے والے) شرکا کو وزارت کا ایک حالیہ تربیتی اجلاس میں کہا کہ ’’وہ اجلاس چھوڑ سکتے ہیں۔‘‘

ٹویٹر پر تمل ناڈو کے حلقہ تھوتوکوڑی کی نمائندگی کرنے والے ممبر پارلیمنٹ کنیموزی نے کوٹیچا کے بیان کی مذمت کی اور ان کے خلاف تادیبی کارروائی کا مطالبہ کیا۔

انھوں نے کہا ’’مرکزی وزارت آیوش کے سکریٹری کے ویدیا راجیش کوٹیچا کا یہ بیان کہ ہندی نہ بولنے والے شرکا وزارت کا تربیتی اجلاس چھوڑ سکتے ہیں، ہندی مسلط کرنے کا مظہر ہے۔۔۔۔ یہ انتہائی قابل مذمت ہے…‘‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’’حکومت سکریٹری کو معطل کرے اور مناسب کارروائی کرے۔ ہندی نہ بولنے والوں کے ساتھ ایسا رویہ کب تک برداشت کیا جائے گا؟‘‘

اس بیان پر رکن پارلیمنٹ کارتی چدمبرم نے بھی شدید ردعمل کا اظہار کیا، جنھوں نے کہا کہ ہندی میں بولنے کی تاکید ’’سراسر ناقابل قبول‘‘ ہے۔