امت شاہ نے ہندی میں ایم بی بی ایس کی نصابی کتابیں جاری کیں، عالمی سطح پر ہندی زبان کو فروغ دینے کے لیے پی ایم مودی کی تعریف کی

نئی دہلی، اکتوبر 17: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کو بھوپال میں ایم بی بی ایس کے تین مضامین کی ہندی زبان میں نصابی کتابیں جاری کیں اور بین الاقوامی فورمز پر ہندی زبان کو فروغ دینے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کی۔

شاہ نے دعویٰ کیا کہ مودی نے آزادی کے بعد کے سالوں کے ’’برین ڈرین‘‘ تھیوری کو ’’برین گین‘‘ میں تبدیل کر کے طلبا کو ہندی اور دیگر زبانوں میں طب اور تکنیکی تعلیم حاصل کرنے کے قابل بنا دیا۔ ’’برین ڈرین‘‘ تھیوری بہتر امکانات کی تلاش میں ہنر مند پیشہ ور افراد کی دوسرے ممالک میں منتقلی کا حوالہ تھا۔

وزیر داخلہ نے بھوپال کے لال پریڈ گراؤنڈ میں اناٹومی، بائیو کیمسٹری اور فزیالوجی کی ہندی نصابی کتب کا اجرا کیا۔ انھوں نے اس تقریب کو سنہرا دن اور تعلیم کے میدان میں دوبارہ بیداری اور تعمیرِ نو کا ایک لمحہ قرار دیا۔

شاہ نے کہا ’’وزیراعظم نریندر مودی بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر ہندی میں بات کرتے ہیں تاکہ دنیا کو پیغام دیا جا سکے۔ اس سے ہندوستان میں نوجوانوں کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔‘‘

وزیر داخلہ نے کہا کہ مودی نے ہندی اور دیگر علاقائی زبانوں میں میڈیکل اور انجینئرنگ کی تعلیم فراہم کرنے کے مشن کا آغاز کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق ہماری زبانوں کو اہمیت دی جا رہی ہے اور داخلے کے امتحانات 12 زبانوں میں ہو رہے ہیں۔

شاہ نے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان کی قومی تعلیمی پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہندی میں طبی تعلیم فراہم کرنے کی بھی تعریف کی۔ انڈین ایکسپریس کے مطابق انھوں نے کہا ’’یہ 2018 کے اسمبلی انتخابات کے منشور کے نکات میں سے ایک تھا اور جب حکومت برسراقتدار آئی تو ریاست اسے متعارف کرانے والی پہلی ریاست بن گئی۔‘‘

شاہ نے یہ بیان ایک ایسے دن دیا جب تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھا، جس میں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم کے ذرائع سے متعلق پارلیمانی پینل کی سفارشات پر اعتراض کیا گیا ہے۔

شاہ کی سربراہی میں کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی جیسے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ذریعہ تعلیم ہندی بولنے والی ریاستوں میں ہندی اور باقی ملک میں دیگر مقامی زبانیں ہونی چاہئیں۔ کمیٹی نے تجویز دی ہے کہ انگریزی کے استعمال کو اختیاری کیا جائے۔

اسٹالن نے مودی کو خط میں کہا کہ ہندی کے علاوہ دیگر زبانیں بولنے والے شہریوں کی تعداد ہندی بولنے والوں سے زیادہ ہے۔