ممبئی: پنجاب اینڈ مہاراشٹر بینک گھپلہ، بی جے پی نیتا کا بیٹا گرفتار

ممبئی: ممبئی پولس نے آج بینک گھپلہ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں پنجاب اینڈ مہاراشٹر کوآپریٹو بینک لیمیٹڈ کے ڈائریکٹر ایس رنجیت سنگھ کو گرفتار کیا جوکہ سینئر بی جے پی لیڈر اور سابق ایم ایل اے سردارتارا سنگھ کے صاحبزادے ہیں۔

واضح رہےکہ سردار تارا سنگھ  ممبئی کےملاڈ حلقہ سے ایم ایل اے رہےہیں اور ان کا شمار سینئر ریاستی بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنمامیں ہوتا ہے۔ اس موقع پر ممبئی پولس کے ترجمان ڈپٹی کمشنر آف پولس پرنیا اشوک نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے اور کہا کہ سردار رنجیت سنگھ کو پی ایم سی بینک گھوٹالہ میں کروڑوں روپیے کے گھوٹالہ کی تحقیقات کے لیے گرفتار کیا گیا ہے۔

اس گھوٹالہ میں بینک کے ڈائریکٹر اور ایچ ڈی آئی ایل گروپ کے ڈائریکٹرز نے مبینہ طور پر 4355 کروڑ کا فراڈ کیاہے۔ چونکہ رنجیت سنگھ بینک کی بازیابی کمیٹی کے ممبر ہونے کے علاوہ تقریباً 13 سال تک ڈائریکٹر تھے۔ لہذا ان سے ایچ ڈی آئی ایل گروپ کمپنیوں کو دیے گئے قرضوں، ان کے طویل التوا میں واجب الادا قرضوں اور اس کی وصولی کے لیے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی۔

تاہم اس نے غیر اطمینان بخش وضاحتیں فراہم کیں جس کے بعد ان کے جرائم میں ملوث ہونے کا انکشاف اور تفتیش کاروں نے ان کی تصدیق کردی۔ ڈی سی پی اشوک نے بتایا کہ اس کے مطابق انہیں آج شام دیر گئے گرفتار کیا گیا تھا اور پولس ریمانڈ حاصل کرنے اور مزید تفتیش کے لے کل انہیں مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

(ایجنسیاں)