مدھیہ پردیش: بی جے پی رہنما شیوراج سنگھ چوہان نے وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیا

نئی دہلی، مارچ 24: بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما شیو راج سنگھ چوہان نے پیر کی شام مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیا۔ حلف بھوپال کے راج بھون میں گورنر لال جی ٹنڈن کے ذریعہ دلوایا گیا۔

کانگریس کے رہنما کمل ناتھ نے اسمبلی میں فلور ٹیسٹ کا سامنا کرنے سے چند گھنٹے قبل ہی عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے تین دن بعد چوہان نے پیر کی شام حلف لیا۔ اپنے استعفی سے پہلے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کمل ناتھ نے بی جے پی پر ان کی انتظامیہ کی کامیابیوں کو برداشت کرنے میں ناکام ہونے کا الزام عائد کیا تھا اور پارٹی پر "عوامی مینڈیٹ” کے ساتھ غداری کرنے کا الزام لگایا تھا۔

ناتھ کے استعفی کے بعد چوہان سمیت بی جے پی کے متعدد رہنماؤں کو بھوپال میں پارٹی کے دفتر کے باہر جشن مناتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ چوہان نے کانگریس سے کہا تھا کہ وہ اپنی حکومت کے خاتمے کی وجہ جاننے کے لیے خود کو جانچیں۔

فلور ٹیسٹ کے انعقاد کے لیے سپریم کورٹ کی آخری تاریخ کے بعد اسمبلی اسپیکر این پی پرجاپتی نے 19 مارچ کو بنگلور میں رہنے والے 16 باغی کانگریس کے ممبران اسمبلی کے استعفے قبول کرلیے تھے جو 9 مارچ سے بنگلور میں تھے۔