لداخ: ہندوستانی فوج نے چینی الزامات کی تردید کی، کہا کہ چینی فوج نے اشتعال انگیز ہوائی فائرنگ کی

نئی دہلی، ستمبر 8: ہندوستانی فوج نے کہا ہے کہ چین کی پیپلرز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے جوانوں نے لائن آف ایکچول کنٹرول (ایل اے سی) پر ہوائی فائرنگ کی۔ آرمی نے چینی الزامات کو مسترد کیا کہ انھوں نے فائرنگ کی تھی۔

فوج کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ’’7 ستمبر کے معاملے میں پی ایل اے کے فوجیوں نے ایل اے سی کے ساتھ ہماری ایک اگلی پوزیشن کے قریب آنے کی کوشش کی اور جب خود ان کے فوجیوں نے اسے ناکام بنا دیا تو پی ایل اے کے دستوں نے دھمکی دینے کی کوشش میں ہوا میں کچھ راؤنڈ فائر کیے۔‘‘

بیان میں کہا گیا ہے ’’تاہم شدید اشتعال انگیزی کے باوجود ہمارے فوجیوں نے بڑے تحمل کا مظاہرہ کیا اور سمجھدار اور ذمہ دارانہ سلوک کیا۔‘‘

ترجمان نے مزید کہا ’’چین اپنی اشتعال انگیز سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ لیکن کسی بھی مرحلے پر ہندوستانی فوج نے ایل اے سی سے تجاوز نہیں کیا ہے اور نہ ہی فائرنگ سمیت کسی بھی جارحانہ ذرائع کے استعمال کا سہارا لیا ہے۔‘‘

انھوں نے مزید کہا ’’ہندوستانی فوج امن و آشتی کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے، تاہم وہ ہر قیمت پر قومی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے بھی پرعزم ہے۔‘‘