عالمی سطح پر کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کی کوششوں میں شامل ہونے کے لیے ہندوستان کے ساتھ بات چیت جاری ہے: عالمی ادارۂ صحت

نئی دہلی، ستمبر 8: عالمی ادارۂ صحت نے پیر کو کہا ہے کہ وہ ہندوستان کے ساتھ کوویڈ 19 ویکسین گلوبل ایکسیس یعنی کورونا وائرس ویکسین تیار کرنے اور تقسیم کرنے کی ایک عالمی کوشش میں شامل ہونے کے بارے میں بات چیت کر رہا ہے۔

عالمی ادارۂ صحت نے مزید کہا کہ ہندوستان کے پاس ویکسین سے متعلق ’’وسیع تجربہ‘‘ ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے سینئر مشیر بروس ایلورڈ نے ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا ’’ہندوستان یقینی طور پر دنیا کے تمام ممالک کی طرح ’’کوویکس‘‘ سہولت کا حصہ بننے کے اہل ہے اور اس سلسلے میں بات چیت جاری ہے۔ ہم کوویکس کے ممبر کی حیثیت سے ہندوستان کی مکمل شرکت کا خیرمقدم کریں گے۔ ہندوستان کو ویکسینوں کا وسیع تجربہ ہے۔‘‘

واضح رہے کہ ہندوستان اس وقت کورونا وائرس سے دنیا کا دوسرا بدترین متاثرہ ملک ہے۔

ملک میں اب تک 42،80،422 لاکھ معاملات سامنے آئے ہیں اور 72،775 اموات کی اطلاع ہے۔

عالمی ادارۂ صحت کے کوویکس مشن میں 170 سے زیادہ ممالک کے حصہ لینے کی توقع ہے، جو مرض کے خلاف دوا کی ترقی کو تیز کرنے، تمام ممالک کے لیے خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے اور اعلی خطرے والے گروپوں میں ویکسین تقسیم کرنے پر مرکوز ہے۔

معلوم ہو کہ کورونا وائرس کے بحران سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ وہ ادارۂ صحت کی اس عالمی اجتماعی کوشش میں شامل نہیں ہوگا، جس کی وجہ اس میں عالمی ادارۂ صحت کی شمولیت ہے۔

واضح رہے کہ عالمی ادارۂ صحت اور امریکہ کے درمیان کافی دنوں سے تکرار اور تناؤ چل رہا ہے۔