فوج ہمیشہ آئین کو سب سے اوپر رکھے گی: نئے فوجی سربراہ

نئی دہلی، جنوری 02— ہندوستانی فوج کے نومنتخب سربراہ منوج مکنڈ ناراوانے نے کہا ہے کہ فوج ہمیشہ سیاست سے الگ رہی ہے اور آئین کو ہمیشہ ہر چیز سے بالاتر رکھا ہے۔

این ڈی ٹی وی کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں جنرل ناراوانے نے کہا: "فوج ہمیشہ سے غیر سیاسی رہی ہے اور غیر سیاسی ہی رہے گی۔” ان کے پیش رو جنرل بپن راوت کے ذریعہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کر رہے طلبا پر تبصرہ کرکے سیاست اور فوج کے مابین حد عبور کرنے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انھوں نے یہ بات کہی۔

جنرل نارواں نے مزید کہا: "جب ہم آرمی میں شامل ہوجاتے ہیں، خواہ ہم افسر ہوں یا جے سی او (جونیئر کمیشنڈ آفیسر) یا جوان، ہم آئین کی پیروی کرنے اور اسے سب سے بالاتر رکھنے کی قسم کھاتے ہیں۔”

واضح رہے کہ منگل کو جنرل ناروانے کو آرمی چیف مقرر کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے جنرل راوت نے سی اے اے کے خلاف مظاہروں کے دوران ہونے والے تشدد پر تبصرہ کیا تھا۔ جس کے بعد وہ تنقید کے نشانے پر تھے۔

جنرل راوت کو کانگریس سمیت متعدد سیاسی جماعتوں نے تنقید کا نشانہ بنایا۔

سی ڈی ایس کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے فورا بعد ہی جنرل راوت سے جب سیاسی طور پر مائل ہونے کے الزامات پر جواب دینے کے لیے کہا گیا تو انھوں نے کہا: "ہم سیاست سے بہت دور رہتے ہیں۔”