فرقہ واریت: ہندوؤں کی دکانوں پر بھگوا جھنڈا لگانے کے لیے بجرنگ دل کے اراکین کے خلاف ایف آئی آر درج

بہار، اپریل 27: دی ہندو کی خبر کے مطابق پولیس نے بہار کے ضلع نالندہ کے بہارشریف میں ہندوؤں کی کچھ سبزیوں، پھلوں اور راشن کی دکانوں پر بھگوا جھنڈا لگانے کی وجہ سے بجرنگ دل کے دو ممبروں اور پانچ دیگر افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔

انھوں نے مبینہ طور پر ہندوؤں پر زور دیا تھا کہ وہ ایسی چیزیں یا تو ان دکانوں سے خریدیں جہاں پر بھگوا جھنڈے لگائے گئے ہوں یا وہ دکانیں ہندوؤں کی ملکیت ہوں۔

بہارشریف بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر (بی ڈی او) راجیو رنجن نے 20 اپریل کو لاہری پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر (نمبر 147/2020) درج کی ہے، جس میں بجرنگ دل کے دو مقامی ممبران، کندن کمار اور دھیرج کمار کے ساتھ پانچ دیگر نامعلوم افراد شامل ہیں۔

دی ہندو کے مطابق ایف آئی آر میں مسٹر رنجن نے کہا ’’18 اپریل کو میں نے بھروپر چوک کا دورہ کیا۔ جہاں میں نے دیکھا کہ ہندوؤں کی ملکیت والی دکانوں پر بجرنگ دل کے ممبران کندن کمار، دھیرج کمار اور پانچ دیگر نامعلوم افراد زعفرانی جھنڈے لہرا رہے ہیں، اور ہندوؤں پر زور بھی دیا جارہا ہے کہ وہ سامان صرف ان دکانوں سے خریدیں جن پر بھگوا جھنڈے ہیں یا جو ہندوؤں کی ملکیت ہیں۔‘‘

ایف آئی میں مزید کہا گیا ہے ’’اس بات کا قوی امکان ہے کہ اس سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خراب کیا جاسکتا ہے یا پھر ان کے عمل سے فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا ہوسکتی ہے۔‘‘