شہریت ترمیمی قانون مخالف مظاہرے: حکومت بھیجا نیوز چینلوں کو دوسرا نوٹس

نئی دہلی : حکومت نے جمعہ  کو ہدایات جاری کرکے نیوز  چینلوں سے ایسی نشریات پر روک لگانے کو کہا ہے جس سے تشدد کا امکان ہو یا ملک مخالف سرگرمیوں کو بڑھاوا ملے۔ قابل ذکر ہے کہ دس دن کے اندر وزارت کی جانب  سے یہ دوسری ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔ وزارت اطلاعات ونشریات نے اس سے پہلےشہریت ترمیمی قانون پاس ہونے کے بعد 11 دسمبر کو بھی ہدایات جاری کی تھیں، جب اس کی مخالفت میں مظاہرے شروع ہوئے تھے۔

وزارت نے جمعہ کو جاری نوٹس میں کہاہے کہ دیکھنے میں آیا ہے کہ ہدایات جاری ہونےکے باوجود کچھ ٹی وی چینل ایسی نشریات  کر رہے ہیں جو اس میں مذکورہ پروگرام کی اسپرٹ کےمطابق نہیں ہیں۔ کیبل ٹی وی نیٹ ورکس دفعہ 1995 کا ذکر کرتے ہوئے ٹی وی چینلوں کو جاری ہدایات میں وزارت نے کہا ہے کہ ایک با رپھر سے سبھی ٹی وی چینلوں کو صلاح دی جاتی ہے کہ وہ ایسی نشریات کو لے کر خاص طور سے احتیاط برتیں، جن سے تشدد کو بڑھاوا ملتا ہو یا اس سے تشد د کا امکان ہو، یانظم ونسق بنائے رکھنے میں دقتیں پیداہونے کا خدشہ ہو یا پھر وہ ملک مخالف سرگرمیوں کو بڑھاوا دیتی ہوں۔ وزارت نے ان ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کے لیے کہا ہے۔

وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے11 دسمبر کو جاری پچھلی ہدایات کی مذمت کرتے ہوئے ایڈیٹرس گلڈ نے حکومت سے اس کو واپس لینے کو کہا تھا۔ جب کہ دوسری ہدایات جاری ہونے کے بعد ترنمول کے ایم پی ڈیریک اوبرائن نے کہا کہ یہ خبر پہنچانے والے کو ہی سزا دینا ہے۔ انھوں نے ان ہدایات کو دوسری ایمرجنسی قراردیا۔

(ایجنسیاں)