سی اے اے کے مخالف احتجاج: آسام پولیس کے ذریعے درج تین مقدمات میں اکھل گوگوئی کو ضمانت ملی

گوہاٹی، جولائی 16: سماجی کارن اکھل گوگوئی کی گذشتہ سال دسمبر میں پرتشدد شہریت ترمیمی قانون مخالف احتجاج کے سلسلے میں آسام پولیس کے ذریعے درج تین مقدمات میں گوہاٹی ہائی کورٹ نے آج ضمانت منظور کر لی۔

تاہم قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کے زیر تفتیش معاملات کے لیے وہ جیل میں ہی رہیں گے۔

ضلع ڈبروگڑھ کے چوبوا پولیس اسٹیشن میں درج تین مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے جسٹس منش رنجن پاٹھک نے کرشک مکتی سنگرام سمیتی (کے ایم ایس ایس) کے رہنما کی ضمانت منظور کرلی۔

گوگوئی کے وکیل سنتانو بورٹھاکر نے کہا ’’اب انھیں این آئی اے کے دو کیسوں کے علاوہ تمام معاملات میں ضمانت مل گئی ہے۔ آئندہ چند روز میں ان دونوں معاملات میں سے ایک میں سماعت شروع ہوگی۔ ہمیں امید ہے کہ عدالت انھیں ضمانت دے دے گی۔‘‘

یہ تینوں معاملات متنازعہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف پرتشدد مظاہروں کے دوران چوبوا میں ایک پوسٹ آفس، ایک سرکل آفس اور یونائیٹڈ بینک آف انڈیا کی شاخ جلانے سے متعلق تھے۔

این آئی اے جن دو معاملات کی تحقیقات کر رہی ہے وہ پرتشدد مظاہروں میں گوگوئی کے مبینہ کردار سے متعلق ہیں۔

معلوم ہو کہ گوگوئی نے 11 جولائی کو گوہاٹی سینٹرل جیل کے اندر کوویڈ 19 کے لیے مثبت تجربہ کیا تھا اور وہ اس وقت گوہاٹی میڈیکل کالج اینڈ اسپتال (جی ایم سی ایچ) میں زیر علاج ہیں۔