سبرامنیم سوامی نے بی جے پی کو آئی ٹی سیل کے سربراہ امیت مالویہ کو ہٹانے کا الٹی میٹم دیا

نئی دہلی، 9 ستمبر: راجیہ سبھا کے رکن سبرامنیم سوامی نے بی جے پی کو الٹی میٹم دیا ہے کہ وہ اپنے ہائی پروفائل آئی ٹی سیل کے سربراہ امیت مالویہ کو جمعرات تک ہٹا دے۔

سوامی، جنھوں نے پیر کے روز مالویہ پر جعلی ٹویٹس کا استعمال کرکے ان کے خلاف مہم چلانے کا الزام عائد کیا تھا، نے کہا کہ مالویہ کو ہٹانا وہ ’’سمجھوتے کی تجویز‘‘ ہے جو انھوں نے بی جے پی کے صدر جے پی نڈا کو پیش کی ہے۔

بی جے پی میں جاری اس اندرونی کے جنگ کے دوران سوامی نے کہا ’’کل تک اگر مالویہ کو بی جے پی کے آئی ٹی سیل سے ہٹایا نہیں گیا تو اس کا مطلب یہ ہے کہ پارٹی میرا دفاع نہیں کرنا چاہتی ہے۔ چوں کہ پارٹی میں کوئی فورم نہیں ہے جہاں میں کیڈر کی رائے مانگ سکتا ہوں، لہذا مجھے خود اپنا دفاع کرنا پڑے گا۔‘‘

واضح رہے کہ پارٹی کے آئی ٹی سیل اور اس کے انچارج امیت مالویہ پر ’’بدمعاش‘‘ ہونے کا الزام لگاتے ہوئے سوامی نے پیر کو کہا تھا کہ ’’اس کے کچھ ممبر مجھ پر ذاتی حملے کرنے کے لیے جعلی ٹویٹ لگارہے ہیں۔‘‘

کوویڈ 19 کے دوران معیشت اور JEE-NEET کے انعقاد سمیت کچھ معاملات پر سوامی کو پارٹی کے اندر سے اپنے موقف پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

انھوں نے جے ای ای اور این ای ای ٹی کے انعقاد کے بی جے پی کی زیرقیادت حکومت کے فیصلے کے خلاف طلبا کے احتجاج کی حمایت کی اور ان کے التوا کا مطالبہ کیا۔