بی جے پی نے بہار کے لیڈر جیتن رام مانجھی اور چراغ پاسوان کو 18 جولائی کو این ڈی اے کی میٹنگ میں مدعو کیا

نئی دہلی، جولائی 15: بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر جے پی نڈا نے ہندوستانی عوام مورچہ کے صدر جیتن رام ماجھی اور لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے لیڈر چراغ پاسوان کو 18 جولائی کو ہونے والی نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کی میٹنگ کے لیے مدعو کیا ہے۔

اپنے بیٹے اور ہندوستانی عوام مورچہ کے لیڈر سنتوش سمن کے بہار حکومت میں بطور وزیر استعفیٰ دینے کے ایک ہفتہ بعد 21 جون کو جیتن رام مانجھی بی جے پی کے زیرقیادت اتحاد میں شامل ہو گئے تھے۔ سمن نے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر ہندستانی عوام مورچہ پر جنتا دل (یونائیٹڈ) میں ضم ہونے کے لیے دباؤ ڈالنے کا الزام لگایا تھا۔

پاسوان کو نڈا کی دعوت اس کے دو سال بعد آئی ہے، جب لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) نے 2020 کے ریاستی اسمبلی انتخابات سے قبل نیشنل ڈیموکریٹک الائنس چھوڑ دیا تھا۔ پاسوان نے نتیش کمار کے خلاف مہم چلائی تھی، جو اس وقت بی جے پی کے اتحادی تھے۔

بی جے پی کے ساتھ جنتا دل (یونائیٹڈ) کا اتحاد گذشتہ سال اگست میں ختم ہوگیا۔ پھر کمار کو گرینڈ الائنس کے رہنما کے طور پر منتخب کیا گیا جس میں کانگریس، راشٹریہ جنتا دل، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ-لیننسٹ) شامل ہیں۔

این ڈی اے کی اس مجوزہ میٹنگ کو 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے لیے اتحاد بنانے کی اپوزیشن کی ٹھوس کوششوں کے جواب میں بی جے پی کی طاقت کے مظاہرہ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

23 جون کو بی جے پی کا مقابلہ کرنے کی حکمت عملی بنانے کے لیے 15 اپوزیشن جماعتوں نے پٹنہ میں میٹنگ کی تھی۔ اپوزیشن کی دوسری میٹنگ 17 جولائی کو بنگلورو میں ہوگی۔