سال 2018-2019 میں بی جے پی کی آمدنی میں دوگنا اضافہ

نئی دہلی: مالی سال 2018-2019 میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی کل آمدنی 2410 کروڑ روپے رہی۔ پارٹی نے الیکشن کمیشن کو دی اپنی آڈٹ رپورٹ میں اس کی جانکاری دی ہے۔ 2017-2018 میں 1027 کروڑ روپے کی آمدنی کے مقابلے اس بار بی جے پی کی آمدنی میں 134 فیصدی کا اضافہ ہوا ہے۔

بی جے پی کی کل آمدنی کا 60 فیصدی حصہ انتخابی بانڈ کے ذریعے اکٹھا ہوا ہے۔ انتخابی بانڈ سے ہی بی جے پی کو 1450 کروڑ روپے کی آمدنی ہوئی ہے۔ مالی سال 2017-2018 میں بی جے پی نے انتخابی بانڈ سے 210 کروڑ روپے کی آمدنی ہونے کا اعلان کیا تھا لہذا اس سال لگ بھگ 60 فیصدی یعنی 1450 کروڑ روپے کی رقم انتخابی بانڈ کے ذریعے اکٹھا کی گئی۔ 2018-2019 میں بی جے پی کا کل خرچ 1005 کروڑ روپے سے زیادہ  ہوا ہے، جو 2017-2018 میں 758 کروڑ روپے سے 32 فیصدی زیادہ ہے۔

وہیں،2018-2019 میں کانگریس کی کل آمدنی 918 کروڑ اور کل خرچ 470 کروڑ روپے رہا۔ کانگریس کو اس مدت میں انتخابی بانڈ سے 383 کروڑ روپے ملے، جو 2017-2018 میں ملے پانچ کروڑ روپے کےمقابلے  بہت زیادہ  ہے۔