راجستھان میں جاری سیاسی بحران کے درمیان سچن پائلٹ اپنے حامی ممبران اسمبلی کے ساتھ دہلی پہنچے، کانگریس کی اعلی قیادت سے کریں گے گفتگو

نئی دہلی، جولائی 12: این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق راجستھان کے نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ اپنے کچھ وفادار ممبران اسمبلی کے ساتھ دہلی آ گئے ہیں اور پارٹی قیادت سے حکومت میں بڑھتے ہوئے بحران کے بارے میں بات کر سکتے ہیں

واضح رہے کہ وزیر اعلی اشوک گہلوت نے کل ہی کہا تھا کہ بی جے پی کانگریس کے ممبران اسمبلی کو رشوت دے کر ریاست میں اقتدار پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جس طرح اس نے مارچ میں مدھیہ پردیش میں کمل ناتھ کی قیادت والی کانگریس حکومت کا خاتمہ کیا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ سونیا اور راہل گاندھی دونوں کو اس صورت حال کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے۔

کانگریسی رہنما نے کہا ’’سونیا گاندھی اس معاملے پر فیصلہ کریں گی اور جو بھی اختلافات ہوں، سب کو مل کر کام کرنا چاہیے۔‘‘

ذرائع کے مطابق انسداد بدعنوانی برانچ تین آزاد ممبران اسمبلی سے پوچھ گچھ کر رہی ہے جنھوں نے مبینہ طور پر رقم کی پیش کش کی تھی۔