راجستھان میں ایک مسلم آٹو رکشا ڈرائیور کو ’’جے شری رام‘‘ کا نعرہ لگانے سے انکار پرنے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ملزمان گرفتار

سیکر، اگست 8: راجستھان کے سیکر ضلع میں پولیس نے 52 سالہ آٹو رکشا ڈرائیور پر مبینہ طور پر حملہ کرنے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کیا ہے، جب اس نے ’’مودی زندہ باد‘‘ اور ’’جے شری رام‘‘ کے نعرے لگانے سے انکار کردیا تھا۔

پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کو غفار احمد کچاوا کی جانب سے ایف آئی آر درج کرنے کے بعد گرفتار کیا گیا ہے، جس نے دعوی کیا تھا کہ دونوں نے اس کی کلائی گھڑی اور رقم بھی چھین لی ہے۔

کچاوا دانت کے ٹوٹے ہوئے تھے، آنکھ سوجی ہوئی تھی اور گال پر چوٹیں تھیں۔

کچاوا کے بھتیجے شاہد نے بتایا کہ ’’جمعہ کی صبح چار بجے کے قریب میرے چچا مسافروں کو قریب کے گاؤں چھوڑنے کے بعد واپس آرہے تھے کہ ایک کار میں سوار دو افراد نے انھیں روکا اور تمباکو طلب کیا۔ تاہم انھوں نے وہ تمباکو لینے سے انکار کردیا جو میرے چچا نے پیش کیا تھا اور ان سے مودی زندہ باد کہنے کو کہا۔‘‘

پولیس کے ذریعہ درج کی گئی ایف آئی آر میں کچاوا نے بتایا کہ جب اس نے نعرہ لگانے سے انکار کیا تو ان افراد نے اسے تھپڑ مارا۔

کچاوا نے مزید بتایا ’’ان میں سے ایک شخص نے مجھ سے ’’مودی زندہ باد‘‘ کا نعرہ لگانے کو کہا اور میں نے انکار کردیا… پھر اس نے مجھے سخت تھپڑ مارا۔ میں نے اپنا رکشا لیا اور سیکر کی طرف بھاگنے کی کوشش کی۔ لیکن انھوں نے اپنی کار پر میرا تعاقب کیا اور میری گاڑی جگمل پورہ کے قریب روکی۔ انھوں نے مجھے گاڑی سے نیچے اترنے پر مجبور کیا اور انھوں نے مجھے بری طرح زدوکوب کیا… ان لوگوں نے مجھ سے بدسلوکی کی اور مجھے مجبور کیا کہ میں ’’مودی زندہ باد‘‘ اور ’’جے شری رام‘‘ کا نعرہ لگاؤں۔‘‘

کچاوا نے دونوں افراد پر اس کی کلائی گھڑی کے ساتھ اس سے 700 روپے چھین نے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔

کچاوا نے اپنی ایف آئی آر میں بتایا ’’ان لوگوں نے میری داڑھی کھینچی، مجھے لات ماری اور مجھے گھونسہ مارا جس کے نتیجے میں میرے 2 سے 3 دانت ٹوٹ گئے۔ مجھے اپنی بائیں آنکھ، گال اور سر پر شدید چوٹیں آئیں۔ مجھے پیٹنے کے بعد انگوں نے کہا کہ ہم تمھیں پاکستان بھیجنے کے بعد ہی دم لییں گے۔‘‘

کچاوا کی شکایت کی بنیاد پر پولیس نے جمعہ کے دن دفعہ 323 ، 341 ، 295 اے سمیت متعدد دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی۔

صدر پولیس اسٹیشن سیکر کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر پشپندر سنگھ نے بتایا ’’ایف آئی آر درج ہونے کے بعد ہم نے کل دو لوگوں کو گرفتار کیا- 35 سالہ شمبھودیال جاٹ اور 30 سالہ راجیندر جاٹ۔ ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ دونوں افراد اپنی گاڑی کھڑی کر کے شراب پی رہے تھے، جب انھوں نے کچاوا کو روکا اور اس سے بدتمیزی کی اور اس پر حملہ کیا۔‘‘

شاہد نے بتایا کہ اس کے چچا فی الحال متعدد چوٹیں برداشت کرنے کے بعد سیکر کے ایک سرکاری اسپتال میں داخل ہیں۔