راجستھان انتخابات کی تاریخ بدل کر 25 نومبرکی گئی

نئی دہلی، اکتوبر 11: الیکشن کمیشن نے بدھ کے روز راجستھان اسمبلی انتخابات کی تاریخ پر نظرثانی کرتے ہوئے اسے 23 نومبر سے 25 نومبر کو منتقل کر دیا۔ اس نے اس کی وجہ پہلے اعلان کی گئی تاریخ کو ہونے والی بہت زیادہ شادیوں کو بتایا۔

پولنگ پینل نے کہا کہ اسے کئی سیاسی جماعتوں اور سماجی تنظیموں کی جانب سے ووٹنگ کی تاریخ میں تبدیلی کی درخواست ملی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ یہ مطالبات ’’اس دن بڑے پیمانے پر شادی/سماجی مصروفیات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے گئے ہیے، جس سے لوگوں کی بڑی تعداد کو تکلیف ہو سکتی ہے، مختلف لاجسٹک مسائل اور پولنگ کے دوران ووٹروں کی شرکت کم ہو سکتی ہے۔‘‘

ووٹوں کی گنتی کی تاریخ 3 دسمبر، بدستور برقرار ہے۔ دیگر پولنگ والی ریاستوں– مدھیہ پردیش، تلنگانہ، چھتیس گڑھ اور میزورم کے نتائج کا بھی اسی دن اعلان کیا جائے گا۔

راجستھان کے نئے شیڈول کے مطابق 6 نومبر کو کاغذات نامزدگی داخل کرنے کا آخری دن ہوگا جب کہ 9 نومبر کو امیدواری واپس لینے کا آخری دن ہوگا۔

میزورم میں 7 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے، مدھیہ پردیش میں 17 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ چھتیس گڑھ میں انتخابات دو مرحلوں میں 7 اور 17 نومبر کو ہوں گے، جب کہ تلنگانہ میں 30 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ کل 8.2 کروڑ مرد اور 7.8 کروڑ خواتین ووٹر ان پانچ ریاستوں کے انتخابات میں اپنا ووٹ ڈالیں گے۔