دہلی کی سرحدیں ایک ہفتے کے لیے سیل کردی گئی ہیں، دکانیں اور سیلون کھلیں گے

نئی دہلی، یکم جون: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ قومی دارالحکومت کی سرحدوں کو ایک ہفتے کے لیے سیل کردیا جائے گا اور صرف ضروری خدمات میں شامل افراد اور حکومت سے منظور شدہ پاس رکھنے والے افراد کو ہی سفر کی اجازت ہوگی۔

انھوں نے کہا ’’دہلی کے اسپتال دہلی کے لوگوں کے لیے مخصوص کیے جانے چاہئیں۔‘‘

دارالحکومت میں کورونا وائرس کے معاملات میں اضافے کے دوران انھوں نے اترپردیش اور ہریانہ کے ساتھ سرحدیں کھولنے پر دہلی والوں سے آرا بھی طلب کیں۔ واضح رہے کہ آج صبح تک دہلی میں 19،844 کیس اور 473 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔

کیجریوال نے مزید کہا کہ دکانیں اور سیلون کھلیں گے، لیکن اسپا بند رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ بازار بھی طاق و جفت کے بغیر کھلیں گے۔ کیجریوال نے مزید کہا کہ صنعتیں عام وقت کے دوران چل سکتی ہیں اور تعطل کے شکار نظام کو منسوخ کردیا گیا ہے۔

پبلک ٹرانسپورٹ کا ذکر کرتے ہوئے کیجریوال نے کہا کہ وہ پہلے سے لگائی گئی وہ پابندیاں، اٹھار رہے ہیں جو آٹورکشا، ای رکشا اور دیگر گاڑیوں میں سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد پر عائد ہے۔

دریں اثنا مرکزی حکومت کے ذریعہ اعلان کردہ شام 9 بجے سے صبح 5 بجے تک کا کرفیو دہلی میں بھی نافذ رہے گا۔

انھوں نے کہا کہ ان کی حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ’’ضرورت سے زیادہ‘‘ انتظامات کر رہی ہے۔