دہلی-این سی آر میں آلودگی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کی میٹنگ سے غائب رہے گوتم گمبھیر اور اعلیٰ حکام, عوام میں غصہ کی لہر

نئی دہلی: دہلی -این سی آر میں فضائی آلودگی کی سنگین صورت حال پر جمعہ کو غو روفکر  کے لیے منعقد پارلیمانی کمیٹی کی میٹنگ  میں 28 میں سے محض چار اراکین پارلیمان نے شرکت کی۔ غیر حاضراراکین پارلیمان میں گوتم گمبھیر بھی شامل ہیں۔ اعلیٰ حکام  بھی میٹنگ سے غیر حاضر رہے۔ ان میں وزارت ماحولیات کے اعلیٰ حکام ، دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور میونسپل کارپوریشن کے کمشنر شامل ہیں۔

 شہری ترقیات پر پارلیمنٹ کی مستقل کمیٹی نے دہلی میں فضائی آلودگی اوراس کو گھٹانے کی تدابیر پر بات چیت  کے لیے مختلف سرکاری محکمہ جات کے اعلیٰ حکام  کی میٹنگ بلائی  تھی۔ اس میٹنگ میں مختلف پارٹیوں  کے 24 اراکین پارلیمان نے حصہ نہیں لیا۔ کمیٹی میں شامل دہلی سے بی جے پی کے واحد رکن پارلیمان گوتم گمبھیر کی غیرموجودگی کو لےکر سیاسی تنازعہ شروع ہو گیا۔ قومی راجدھانی میں حکمراں عام آدمی پارٹی نے بی جے پی پر حملہ بولا اور فضائی آلودگی کے مسئلہ کے حل کے متعلق بی جے پی کی سنجیدگی پر سوال اٹھایا۔

کرکٹر سے رہنما بنے گوتم گمبھیر دہلی  میں فضائی آلودگی کی خراب حالت کولےکر لگاتار آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ وہ اس مسئلہ سے نپٹنے کی تدبیر کی مانگ کرتے رہےہیں۔ حالانکہ میٹنگ کے دوران اندور میں ان کو ٹی وی پر کمنٹری کرتے دیکھا گیاتھا، جہاں ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ میچ چل رہا ہے۔

گمبھیر پر حملہ بولتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ ان کے (گمبھیر)جیسے رکن پارلیمان مزہ لینے میں مصروف ہیں جبکہ عآپ کے راجیہ سبھا ممبر سنجے سنگھ نے اس میٹنگ  میں شرکت کی۔ دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی رہنمائی والی پارٹی نے سوال اٹھایا کہ ‘گوتم گمبھیر فضائی آلودگی پر کیا یہی آپ کی گمبھیرتا کی سطح ہے۔‘

دوسری طرف گمبھیر نے بیان جاری کرکے کہا کہ ان کا کام ان کے بارے میں بتاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کو گالی دینے سے دہلی  کی آلودگی کی سطح کم ہو جاتی ہے تو عام آدمی پارٹی ایسا کرنے کے لیے آزاد ہے۔

سنگھ کے علاوہ جن تین رکن پارلیمان نے حصہ لیا ان میں کمیٹی کے صدر اوربی جے پی رکن پارلیامن جگدمبکا پال اور سی آر پاٹل اور نیشنل کانفرنس کے حسنین مسعودی شامل ہیں۔اس بیچ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں کمیٹی کے ممبرسکریٹری برائے ماحولیات،دہلی  ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئر مین اور میونسپل کارپوریشن کے حکام  کی غیر حاضری سے ناراض دکھے اور اس مدعا کو لوک سبھا صدر کے سامنے اٹھانے کا منصوبہ بنا رہےہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ممبروں نے اجلاس میں موجود افسروں سے کہا کہ وہ اپنے اعلیٰ حکام  کو بتائیں کہ ان کو اس میٹنگ  میں شامل ہونا چاہیے تھا۔ وزارت ماحولیات کے افسروں کی غیرموجودگی کے بارے میں پوچھے جانے پر مرکزی وزیر ماحولیات پرکاش جاویڈکر نے کہا کہ وہ معاملے کا پتہ لگائیں‌گے۔

  (خبر رساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)