خود احتسابي اصلاحِ ذات کي کليد

بعض معمولات کي پابندي سے آپ کي زندگي ميں بڑا سدھار آسکتا ہے

ام غانم

کورونا وبا سے پہلے بھي دنيا ميں بہت سي قدرتي آفات آتي رہي ہيں لوگ نارمل زندگي ميں بھي بيماري کا شکار ہو کر، حادثات ميں يا طبعي موت مرتے رہے ہيں۔ دکھ تکاليف زندگي کا حصہ ہيں۔ قرآن پاک ميں اللہ تعالٰي فرماتا ہے کہ ہم ضرور انسان کو پانچ چيزوں سے آزمائيں گے بھوک، فصلوں کے نقصان، مال، اولاد اور جان کے نقصان سے۔ تو يہ سب تو زندگي کا حصہ ہوا۔ اگر غم يا تکليف نہ ہو تو انسان صحيح معنيٰ ميں خوشي کا لطف نہيں اٹھا سکتا اور اگر زندگي ميں صرف خوشياں ہي خوشياں ہوں تو جنت کي خواہش کون کرے گا کيونکہ دائمي خوشي کا وعدہ تو جنت ہي کا وعدہ ہے۔
اللہ تعالٰي کچھ لوگوں کو دے کر آزماتا ہے تو کچھ سے لے کر۔ قرآن پاک ميں انسانوں کو تين طرح کے انسانوں سے تشبيہ دي گئي ہے۔ ايک وہ جو کسي حادثے کي وجہ سے اللہ کي طرف پلٹ آتے ہيں۔ دوسرے وہ جو پہلے سے اللہ تعالٰي کے احکام مانتے ہيں اور جب وہ قرآن کا علم حاصل کر ليتے ہيں تو دوسروں کے ليے بھي ہدايت کا باعث بن جاتے ہيں اور تيسرے وہ جنہيں کوئي حادثہ، علم يا نعمت بھي اللہ کا شکر گزار بندہ نہيں بناتي۔ کورونا بھي ايک سبب ہے جو ہميں ياد دلاتا ہے کہ اوپر ايک ايسي طاقت ہے جو کائنات کو کنٹرول کر رہي ہے اور ہم سب اس کے آگے بے بس ہيں۔
الحمدللہ کورونا کي وجہ سے ميري زندگي ميں کوئي کمي تو نہيں آئي مگر کچھ اچھے اعمال کا اضافہ ہي ہوا۔ ميں نے کچھ تسبيحات اور تہجد کا معمول اپنايا۔ جب سے ترجمہ و تفسير سے قرآن پڑھا ہے کچھ معمولات اپنائے ہيں اللہ تعالٰي نے اپنا وعدہ پورا کيا کہ جب پکارنے والا مجھے پکارتا ہے تو ميں سنتا ہوں اور اس کي پکار کا جواب ديتا ہوں۔ ہر رات کے تيسرے پہر اللہ تعالٰي آسمان دنيا پر تشريف فرما ہوتا ہے۔ اس وقت کي مانگي گئي دعا کبھي رد نہيں کي جاتي۔ اللہ تعالٰي ايسے دروازے کھولتا جاتا ہے اور اسباب پيدا کرتا جاتا ہے کہ انسان کے وہم و گمان ميں بھي نہيں ہوتا۔
جب بھي آپ آساني سے جتني بار بھي دعا کر سکيں يہ دعائيں پڑھ ليں کيونکہ اللہ تعالٰي قرآن پاک ميں فرماتا ہے ’’وہ لوگ جو اٹھتے بيٹھتے، چلتے پھرتے، ليٹے اور پہلو کے بل اللہ کا ذکر کرتے ہيں‘‘
تو دعا کے ليے کسي وقت يا جگہ کو مخصوص نہ کريں بس مانگيں اور اس يقين سے مانگيں کہ وہ دے گا ضرور۔
1- استغفار کريں۔ نبي صلي اللہ عليہ و آلہ و سلم جو کہ گناہوں سے پاک تھے دن ميں کم از کم ستر بار استغفار کرتے تھے۔ کوئي بھي مسنون دعائےاستغفار پڑھيں جيسے اَللّٰھُمَّ اغْفِرْلِيْ
اَللّٰھُمَّ اِنَّکَ عَفُوٌّ تُحِبُّ الْعَفْوَ فَاعْفُ عَنِّي
رَبِّ اغْفِرْلِيْ وغيرہ
2- فجر کي اذان سے کم از کم 10-15 منٹ پہلے اٹھ کر دو رکعت نفل سے تہجد شروع کريں اور سجود ميں دل ميں اپني زبان ميں دعا کريں اگر قرآني و مسنون دعائيں ياد ہيں تو وہي پڑھيں۔
3: ہر نماز ميں سجدے ميں اور سلام پھيرنے سے پہلے اپني حاجت کے ليے دعا کريں۔
4- اپنے کمرے ميں کسي بھي شيلف بيڈ سائيڈ ميز يا ڈريسنگ ٹيبل پر ايک مني باکس رکھيں اور اس ميں سب گھر والے زيادہ نہيں تو کم از کم ايک سکہ روزانہ فجر کے بعد بطور صدقہ ڈاليں۔ مہينے کے آخر ميں يہ پيسے کسي غريب کو دے ديں۔ ان سے راشن، کپڑے، جوتے، کتابيں، اشيائے ضروريہ، کسي بيوہ يا يتيم کے بلز، کسي مدرسے ميں پنکھا لگوانے وغيرہ ميں خرچ کريں۔
5- جب بھي کوئي پريشاني ہو تو دو رکعت نفل نماز حاجت پڑھ کر دعا کريں۔
6- ہر چھوٹے بڑے کام کو کرنے سے پہلے استخارہ کريں اور يہ کوئي مشکل کام نہيں ہے۔ صرف دو نفل نماز پڑھ کے دعائے استخارہ پڑھ ليں بس۔ اس ليے کسي عالم يا عامل سے استخارہ کروانے کي کوئي ضرورت نہيں ہے۔ کام آپ کا ہے آپ خود ہي کريں۔ بعض صحابہ کہتے ہيں کہ نبي صلي اللہ عليہ و آلہ و سلم ہميں استخارے کي دعا ايسے ياد کرواتے تھے جيسے قرآن۔
اور يہ دعا اللہ سے يہ مشورہ کرنے کي ہے کہ اگر يہ کام ميرے حق ميں بہتر ہے تو اسے ميرا مقدر بنا دے اور اس کے رستے سے رکاوٹيں دور کر دے اور اگر يہ ميرے حق ميں برا ہے تو اسے مجھ سے دور کر دے۔ اس ميں ہم کہيں يہ نہيں کہتے کہ خواب ميں دکھا ديں اس ليے يہ توقع مت رکھيں کہ خواب آئے گا۔ اگر کام آپ کے ليے بہتر ہوا تو ہو جائے گا ورنہ نہيں ہو گا۔
اب ايک خوب صورت، امير، ڈاکٹر کا رشتہ کسي کے ليے بھي آئے گا تو اس کي خواہش تو يہي ہو گي کہ يہيں شادي ہو جائے اور ايسا ہي خواب ميں آئے گا ليکن اگر وہاں کسي بھي وجہ سے شادي نہيں ہوتي تو آپ کے خواب کے مطابق تو کچھ بھي نہيں ہو گا کيونکہ خواب ہمارے لاشعور ميں چھپي خواہشات يا خدشات پر مبني ہوتے ہيں۔
7- چاہے کتني ہي بڑي تکليف يا مسئلہ ہو صرف اللہ سے ہي رجوع کريں۔ غير شرعي کاموں ميں نہ پڑيں۔ مسنون طريقہ ہي بہترين طريقہ ہے۔ پھر ہم دن ميں کتني ہي بار نماز ميي دعوٰي کرتے ہيں کہ اے اللہ ہم صرف تيري ہي عبادت کرتے ہيں اور صرف تجھ ہي سے مدد مانگتے ہيں تو اس پر عمل بھي کيجيے۔
8- يہ تسبيحات قرآني و مسنون دعاؤں ميں سے ہيں۔
• وَ يُذْهِبْ غَيْظَ قُلُوْبِهِمْ۔ سورہ التوبہ 15۔ غصہ کے ليے۔
• رَبِّ اِنِّيْ لِمَآ اَنْزَلْتَ اِلَيَّ مِنْ خَيْرٍ فَقِيْرٌ: ۔ سورہ القصص کي آيت چوبيس کا آخري حصہ۔ ہر طرح کي مشکل کے ليے۔
موسي عليہ السلام نے مدين ميں کنويں پر بيٹھ کر يہ دعا پڑھي تھي اور کچھ ہي دير ميں انہيں گھر، نوکري اور بيوي سب مل گئے تھے۔
• و أصلح لي في ذريتي۔ اولاد کي اصلاح کے ليے۔
• لا الہ الا اللہ۔ ميزان ميں سب سے بھاري کلمہ ہے۔
• سبحان اللہ وبحمدہ و سبحان اللہ العظيم۔ ايک بار پڑھنے سے جنت ميں ايک درخت پڑھنے والے کے نام کا لگتا ہے۔
• لاحول ولا قوة الا باللہ العلي العظيم۔ پڑھنے والے کے ليے خوشخبري ہے۔
• رَّبَّنَا ٱكْشِفْ عَنَّا ٱلْعَذَابَ إِنَّا مُؤْمِنُونَ۔ الدخان 12
ہر طرح کے عذاب اور مصيبت سے پناہ کي دعا ہے۔
• واللہ المستعان سورہ يوسف۔ انبياء نے اس لفظ کے ذريعے اللہ کي مدد مانگي ہے۔
• وَيَسِّرْ لِي أَمْرِي۔ سورہ طہ 29
آساني کے ليے دعا ہے
• نبي صلي اللہ عليہ و آلہ و سلم پر صلواۃ کہ ہر صلواۃ پر 10 نيکياں ملتي ہيں اور نبي کريم صلي اللہ عليہ و آلہ و سلم پر اسے آپ کے نام کے ساتھ پيش کيا جاتا ہے۔ سبحان اللہ
• يا حَيُّ يآ قيّوُم بِرَحْمَتِکَ آسْتَغِيث۔
اللہ تعالٰي کي تعريف کے ساتھ اس کي مدد کي درخواست۔
• اللھم اغفر لنا ولہ وارحنا منہ۔
کسي سے خوفزدہ ہوں، تنگ ہوں، بچے نافرماني کريں اور آپ کا دل تنگ ہو يا کسي بھي شخص سے نہ بنتي ہو تو يہ دعا پڑھيں۔ اللہ کا شکر ہے ميرا سسرال بے حد اچھا ہے ليکن اگر کسي بہن کے سسرال ميں کوئي مسئلہ ہو تو يہ دعا پڑھ سکتي ہيں۔
• سورہ ملک روزانہ ايک بار پڑھيں کہ يہ عذاب قبر سے بچائے گي۔
• سورہ اخلاص 10 بار۔ نبي صلي اللہ عليہ و آلہ و سلم نے فرمايا ہے کہ اسے دس بار پڑھنا ايک قرآن پڑھنے کے مترادف ہے۔ ايک اور روايت ميں تين بار کا ذکر ہے۔
ميرا معمول تو يہ ہے کہ ظہر کي سنتوں ميں ايک رکعت ميں ايک صفحہ قرآن پاک مصحف سے ديکھ کر پڑھتي ہوں اس طرح کچھ مہينوں ميں دورہ قرآن بھي ہو جاتا ہے اور سورتيں بھي ياد ہو جاتيں ہيں۔ آپ اگر آساني سے تين آيات بھي پڑھ ليں ايک رکعت ميں تو پڑھنا شروع کر ديں۔
يہ کوئي وظيفہ نہيں ہے اگر آساني سے پڑھ سکيں تو چاہے ايک بار پڑھ ليں چلتے پھرتے آفس، گھر ميں کام کرنے کے دوران، سفر ميں يا نمازوں کے بعد يا بستر پر ليٹ کر۔ اور چاہے تو کوئي ايک دعا پڑھ ليں۔ آساني سے پڑھ سکيں تو ايک ايک تسبيح پڑھ ليں آدھے گھنٹے سے زيادہ نہيں لگے گا۔ ميں ايک بار دن ميں اور ايک بار رات ميں ان تمام اذکار کي ايک ايک تسبيح کرتي ہوں۔
اللہ تعالٰي سب کو اپني حفظ و امان ميں رکھے۔ سب کے ليے آسانياں پيدا فرمائے۔ سب کي مشکلات اور بيمارياں دور فرمائے۔اور ہم سب کو قرآن و حديث پڑھنے ان پر عمل کرنے اور انہيں دوسروں تک پہنچانے کي توفيق عطا فرمائے۔ آمين
***

 

***

 


ہفت روزہ دعوت، شمارہ  29 مئی تا 04 جون  2022