ونے کمار سکسینہ نے دہلی کے 22ویں لیفٹیننٹ گورنر کے طور پر حلف لیا

نئی دہلی، مئی 25: اے این آئی کی خبر کے مطابق ونے کمار سکسینہ نے جمعرات کو راج نواس میں دہلی کے 22ویں لیفٹیننٹ گورنر کے طور پر حلف لیا۔

اس سے قبل وہ کمیشن برائے کھادی اور دیہی صنعت کے چیئرپرسن کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

64 سالہ سکسینہ کو دہلی ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس وپن سانگھی نے اس عہدے کا حلف دلایا۔

دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال اور ان کی کابینہ کے وزرا نے اس تقریب میں شرکت کی۔ مرکزی وزیر گری راج سنگھ اور قومی راجدھانی کے ایم پی اور ایم ایل ایز بھی تقریب میں موجود تھے۔

کانپور یونیورسٹی کے سابق طالب علم سکسینہ کو 23 مئی کو اس عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔ وہ انل بیجل کی جگہ سنبھالیں گے، جنھوں نے ذاتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے 18 مئی کو دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

اے این آئی کے مطابق تقریب کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے سکسینہ نے کہا ’’میں ایک مقامی سرپرست کے طور پر کام کروں گا۔ آپ مجھے راج نواس سے زیادہ سڑکوں پر دیکھیں گے۔‘‘

سکسینہ نے کہا کہ آلودگی دہلی کے بڑے مسائل میں سے ایک ہے اور وہ اسے مرکزی حکومت، دہلی حکومت اور دہلی کے باشندوں کے ساتھ مل کر حل کرنے کی کوشش کریں گے۔