خبریں مختصرمختصر: سی بی آئی نے ہاتھرس آبرو ریزی کے معاملے کی ایف آئی آر اپنی ویب سائٹ سے ہٹائی، اور دیگر اہم خبریں

سی بی آئی نے ہاتھرس آبرو ریزی کے معاملے کی ایف آئی آر اپنی ویب سائٹ سے ہٹادی

سی بی آئی نے ہاتھرس اجتماعی عصمت دری معاملے کی ایف آئی آر اپنی ویب سائٹ پر ڈالنے کے چند گھنٹے کے بعد اسے ہٹالیا۔ بتایا جارہا ہے کہ اسے سپریم کورٹ کی اس ہدایت کی خلاف ورزی کے خوف سے ہٹایا گیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ عصمت دری اور جنسی زیادتی نیز بچوں کے خلاف جرائم کے کیسوں سے متعلق ایف آئی آر کو پولیس کے ذریعے عام نہیں کیا جاسکتا۔ ہاتھرس عصمت دری و قتل معاملہ سی بی آئی کے سپرد کیا گیا ہے۔ ادھر متاثرہ کے اہل خانہ 12 اکتوبر کو الہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنٔو بنچ کے سامنے پیش ہوئے جہاں اگلی سنوائی 2 نومبر کو مقرر کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ ہاتھرس میں اعلی ذات کے چار لوگوں نے ایک انیس سالہ دلت لڑکی کی اجتماعی آبرو ریزی کرکے شدید زخمی کردیا تھا، جس کا 29 ستمبر کو دلی کے صفدر جنگ اسپتال میں انتقال ہوگیا تھا۔ اس کے بعد یوپی پولیس نے جبراً لڑکی کی نعش کو نذر آتش کردیا تھا۔

 

فاروق عبداللہ نے یہ بیان نہیں دیا کہ چین کی مدد سے دفعہ 370 بحال کی جائے گی: نیشنل کانفرنس

نیشنل کانفرنس نے پیر کے روز اس بات سے انکار کیا کہ اس کے صدر فاروق عبداللہ نے یہ بیان دیا کہ چین کی مدد سے دفعہ 370 کو بحال کیا جائے گا۔ پارٹی نے واضح کیا کہ فاروق عبداللہ نے اتوارکے روز دیے گئے انٹرویو میں چین کے توسیع پسندانہ عزائم کی حمایت نہیں کی جیسا کہ بی جے پی کے ترجمان سمبت پاترا دعوی کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ سمبت پاترا نے کل فاروق عبداللہ پر اس مبینہ بیان کے لیے "دیش دروہی اور ملک مخالف” ہونے کا الزام لگایا تھا کہ چین کی حمایت سے آئین کی دفعہ 370 کو بحال کیا جائے گا۔

15 اکتوبر سے ویشنو دیوی مندر میں روزانہ 7000 عقیدت مندوں کے داخلے کی اجازت

جموں و کشمیر کے ریاسی ضلع میں واقع ویشنو دیوی گپھا میں 15اکتوبر سے روزانہ 7000 زائرین کے داخلے کی اجازت دی گئی ہے، یہ اطلاع ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے اہل کار نے دی۔ اس سے قبل یہ تعداد 5000 یومیہ تھی۔

سپریم کورٹ نے قومی ٹیسٹنگ ایجنسی کو نیٹ امتحان کے دوسرے دور کے انعقاد کی اجازت دی

چیف جسٹس ایس اے بوبڈے کی سربارہی والی بنچ نے 14 اکتوبر سے نیٹ کے دوسرے دور کے انعقاد کی اجازت دے دی ہے، واضح رہے کہ اس میں وہ طلبا شریک ہوں گے جو کووڈ سے متاثر ہیں یا کنٹین منٹ زون میں رہائش پذیر ہیں۔ اس سے قبل سپریم کورٹ نے 17 اگست کو نیٹ اور جے ای ای امتحانات کروانے پر روک لگادی تھی۔

بھارت نے جون کے مہینے سے اب تک کووڈ کا 18000 ٹن کوڑا کرکٹ پیدا کیا

ریاستی آلودگی بورڈوں سے دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 5500 ٹن کچرا صرف ماہ ستمبر میں پیدا ہوا، جو اب تک کا ماہانہ ریکارڈ ہے۔ سب سے زیادہ کچرا ریاست مہاراشٹر نے پیدا کیا۔ ستمبر کے مہینے میں سب سے زیادہ کچرا گجرات میں پیدا ہوا۔

روہتانگ سرنگ کا سنگ بنیاد جسے 2010 میں سونیا گاندھی نے رکھا تھا، لاپتہ، کانگریس نے احتجاج درج کرایا

کانگریس نے اس بات پر سخت رنج و غم کا اظہار کیا ہے کہ روہتانگ سرنگ کا سنگ بنیاد جسے سونیا گاندھی نے 28 جون 2010 کو رکھا تھا، موقع سے غائب کردیا گیا ہے۔ کانگریس نے انتباہ دیا ہے کہ اگر سنگ بنیاد کو دوبارہ نصب نہیں کیا جائے گا تو وہ ریاست گیر سطح پر احتجاج کرے گی۔ کانگریس نے اس حرکت کے پیچھے ایک مخصوص پارٹی کی گھٹیا سیاسی ذہنیت کو الزام دیا ہے۔

لیبیا میں اغوا شدہ 7 بھارتی رہا کردیے گئے: وزارت خارجہ

وزارت خارجہ نے لیبیا کے اہل کاروں اور قبائلی بزرگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گذشتہ مہینے جن سات بھارتیوں کو طرابلس کے راستے میں اغوا کیا گیا تھا، وہ رہا کردیے گئے ہیں۔ وزارت نے مزید بتایا کہ مذکورہ تمام افراد کی صحت اچھی ہے اور وہ فی الحال اپنی کمپنی کی رہائش گاہ میں مقیم ہیں۔ ملحوظ رہے کہ مذکورہ سات افراد نے بھارت کے ذریعے بھارتیوں کے لیبیا کے سفر پر پابندی اور انتباہ کو نظرانداز کردیا تھا۔

حکومت سے سگریٹ کے ٹکڑوں کے ڈسپوزل کے لیے رہنما خطوط وضع کرنے کا مطالبہ

بیڑی اور سگریٹ کے باقی ماندہ ٹکڑوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے قومی ماحولیاتی ٹربیونل (این جی ٹی) نے مرکز سے تین مہینے کے اندر رہنما خطوط وضع کرنے کے لیے کہا ہے۔ یہ حکم انڈین ٹاکسی کولوجی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے اس انکشاف کے بعد آیا ہے کہ سگریٹ کے ٹکڑے زمین میں دفن کیے جانے پر دو سال کے بعد صرف 37 فیصد تک تحلیل ہوتے ہیں، جس سے ماحولیات کو زبردست نقصان پہنچتا ہے۔