اسرائیل کوعالمی عدالت انصاف میں لے جانےپر جنوبی افریقہ کے  اقدام کی ستائش

جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے ہندوستان اور بین الاقوامی برادری سے فوری جنگ بندی کے لیے دباؤ ڈالنے کی اپیل کی  

نئی دہلی،30جنوری :۔

غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جاری جارحیت اور فلسطینیوں کی نسل کشی  کے خلاف عالمی عدالت انصاف نے سخت تبصرہ کیا ہے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے عالمی عدالت انصاف میں فلسطینیوں کےمعاملے کو اٹھانے پر جنوبی افریقہ کے اقدام کی ستائش کی جا رہی ہے۔ملک کی سر کردہ تنظیم جماعت اسلامی ہند  کے صدر سید سعادت اللہ حسینی نے بھی اسرائیل کو بین الاقوامی عدالت انصاف  میں گھسیٹنے پر جنوبی افریقہ کی تعریف کی ہے اور حکومت ہند اور مسلم ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالیں۔

میڈیا کوجاری  ایک بیان میں  سید سعادت اللہ حسینی نے کہا، "جماعت اسلامی ہند جنوبی افریقہ کے جرات مندانہ اور بروقت اقدام کو سراہتی ہے۔  استعمار، قبضہ اور نسل پرستی سے لڑنے کی اپنی شاندار وراثت کو مدنظر رکھتے ہوئے  جنوبی افریقہ نے فلسطین کی جانب سے قدم اٹھایا اور  عالمی عدالت انصاف کے سامنے التجا کی کہ اسرائیل انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزیوں کا ذمہ دار ہے اور غزہ میں نسل کشی کی کارروائیوں کا ارتکاب کر رہا ہے۔ جنوبی افریقہ اس بات کی تصدیق کرتا ہے جیسا کہ عالمی عدالت انصاف نے بغیر کسی غیر یقینی الفاظ میں کہا ہے کہ غزہ کو "نسل کشی اور متعلقہ ممنوعہ کارروائیوں سے محفوظ رکھا جانا چاہیے جن کی آرٹیکل III میں نشاندہی کی گئی ہے۔

جماعت اسلامی ہند کے امیر نے کہا، "ہم آئی سی جے کے کچھ مشاہدات کا خیرمقدم کرتے ہیں خاص طور پر جن کا ذکر پیرا 54، 78 اور 79 میں کیا گیا ہے، حالانکہ ہمیں مایوسی ہے کہ عالمی عدالت انصاف نے واضح طور پر غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ نہیں کیا۔ آئی سی جے کے فیصلے کا مثبت پہلو یہ ہے کہ یہ خاص طور پر نسل کشی کو روکنے کے مقصد کو پورا کرتا ہے اور صحت کی سہولیات اور گنجان آبادی والے شہری علاقوں پر اسرائیل کے فضائی حملوں کے لیے اخلاقی اور قانونی مذمت  کرتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ عالمی عدالت انصاف کے اندر 15-2 کی اکثریت نے بیشتر عارضی اقدامات کی حمایت کی ہے۔اسرائیل کے خلاف اس بڑے پیمانے پر اتفاق رائے   ظاہر کرتا ہے کہ وہ نسل کشی کی جنگ  کے خلاف ہیں۔جماعت اسلامی ہند حکومت ہند، مسلم ممالک کے ساتھ عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالیں۔